Sunday, May 5, 2024

ڈالر ایک ہی دن میں اونچی اڑان کے بعد واپس پرانی سطح پر آ گیا

ڈالر ایک ہی دن میں اونچی اڑان کے بعد واپس پرانی سطح پر آ گیا
May 15, 2019

 کراچی (92 نیوز) ڈالر اونچی اڑان کے بعد واپس پرانی سطح پر آ گیا۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر پہلے 2.25 روپے مہنگا ہوا۔ قیمت 146.25 کی بلند ترین سطح پر پہنچی لیکن کچھ ہی دیر میں ڈالر کا نرخ 2.25روپے گر کر پھر 144 روپے پر آ گیا۔

 آئی ایم ایف سے ڈیل اور روپے کی قدر میں افواہوں نے کرنسی مارکیٹ میں بے چینی پیدا کر دی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر بے قابو ہر کر صرف دو گھنٹے میں ہی سوا دو روپے مہنگا  ہو کر  144 روپے سے  146 روپے 25 پیسے پر چلا گیا۔

 ڈالر کی اس اونچی چھلانگ پر وزیراعظم عمران متحرک ہوئے ۔اسٹیٹ بینک نے بھی نوٹس لیا ۔ روپے کی قدرگرنے  سے متعلق رحجانات پر رپورٹ پیش کی  گئی ۔

وزیراعظم سے ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے وفد  نے ملاقات کی ۔ اس اہم ملاقات میں گورنر اسٹیٹ بینک سمیت ایف آئی اے ، آئی بی اورایف بی آر کے سربراہ شریک ہوئے ۔

 روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم فیصلے کیے گئے ۔ وزیراعظم نے مارکیٹ سے زائد ریٹ پر ڈالر فروخت  کرنیوالی کمپنیوں کےخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ۔

 غیر ملکی  کرنسی  کی نقل و حرکت  پر نظر  رکھنے کے لیے  لائحہ عمل ترتیب دیا  جائے گا ۔ اسٹیٹ  بنک کا  مانیٹرنگ یونٹ ترسیلات پر نظر رکھے گا جبکہ ایف بی آر کا ایکسپورٹ  مانیٹرنگ   یونٹ  برآمدات کے لیٹر  آف کریڈٹ پر نظر  رکھے  گا ۔ اسی طرح ایف آئی اے  منی  چینجرز اور بینکوں کے  فارن  کرنسی   سے متعلقہ  حکام کے  رابطوں  پر نظر رکھے گی ۔

 وزیراعظم عمران خان متحرک ہوئے تو اوپن مارکیٹ میں ڈالر واپس اپنی اوقات  یعنی 144روپے کی سطح پر آ گیا۔  صدر ایکسچینج کمپنیز ملک بوستان نے بتایا کہ حکومت نے روپے کی قدر نہ گرانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

 ملک بوستان کا کہنا ہے کہ  روپے کی قدر میں استحکام کے لئے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔