Thursday, April 25, 2024

ڈائریکٹر حج کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست پر کارروائی 24جولائی تک ملتوی

ڈائریکٹر حج کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست پر کارروائی 24جولائی تک ملتوی
July 16, 2015
    لاہور(92نیوز)لاہورہائیکورٹ نے ڈائریکٹر حج جدہ رافع بشیر شاہ کی مدت ملازمت میں توسیع کےخلاف درخواست پر کارروائی چوبیس جولائی تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست پر سماعت کی تو وزارت مذہبی امور کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ رافع بشیر کو توسیع قانون کے مطابق اور ان کی کارکردگی کے پیش نظردی گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور نے ان الزامات کی تردید کی کہ رافع بشیر شاہ کرپشن میں ملوث ہیں یا ان کے خلاف کوئی الزامات ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل اظہرصدیق نے جواب دلائل میں کہا کہ رافع بشیر پر کرپشن ثابت ہوچکی ہے لیکن اس کے باوجود وفاقی حکومت انہیں تحفظ دے رہی ہے۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے رافع بشیر کی بطور ڈائریکٹر حج جدہ مدت ملازمت کا کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد اس میں توسیع کردی ہےجو آئین اورقانون کے خلاف ہے،دو ڈائریکٹرزکی موجودگی میں رافع بشیر کی تعیناتی میں توسیع نہیں ہوسکتی۔ لاہور ہائی کورٹ نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد کارروائی چوبیس جولائی تک ملتوی کردی۔