Sunday, September 8, 2024

ڈائریکٹر اسلامک افیئرز 92 نیوز صاحبزادہ عطاالمصطفیٰ نوری انتقال کر گئے

ڈائریکٹر اسلامک افیئرز 92 نیوز صاحبزادہ عطاالمصطفیٰ نوری انتقال کر گئے
January 10, 2016
فیصل آباد (92نیوز) ڈائریکٹر آف اسلامک افیئرز نائنٹی ٹو نیوز حضرت صاحبزادہ عطاالمصطفیٰ نوری وصال فرما گئے۔ حضرت صاحبزادہ عطاالمصطفیٰ نوری ناشر دین چیئرمین جامعہ قادریہ رضویہ فیصل آباد تھے۔ صاحبزادہ عطاالمصطفیٰ نوری کی نمازجنازہ آج 4 بجے جامعہ قادریہ رضویہ سرگودھا روڈپرادا کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آف اسلامک افیئرز نائنٹی ٹو نیوز حضرت صاحبزاہ عطاءالمصطفیٰ نوری 60 سال کی عمر میں اس دنیا سے رحلت فرما گئے ہیں۔ فیصل آباد میں دینی اعتبار سے نام کمانے والی عظیم ہستی نے اپنی سرپرستی میں 35 مدرسے قائم کئے جبکہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے ذریعے مستحق اور یتیم بچیوں کی شادیاں کروانے کا سلسلہ شروع کیا۔ ایسی تقریبات سال میں تین بار منعقد کی جاتی ہیں۔ وہ ماہانہ بنیادوں پر سیکڑوں بیوہ خواتین کو راشن بھی دیتے تھے۔ انہوں نے خواتین کی دینی تعلیم و تربیت کیلئے المصطفیٰ کالج بھی قائم کیا جہاں ہزاروں کی تعداد میں خواتین مذہبی تعلیمات سے مستفید ہوئیں اور یہ سلسلہ تاحا ل جاری ہے۔ انجمن طلباءاسلام کے بانیوں میں آپ کا نام سرفہرست ہے۔ غریب عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک ڈسپنسری بھی آپ نے قائم کی ہے۔ ناصرف فیصل آباد بلکہ کشمیر میں آپ کے نام پر سو سے زائد مدرسوں میں طلباءو طالبات دینی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ دریں اثنا ملک کے نامور عالم دین صاحبزادہ عطا المصطفیٰ نوری کی شخصیت کے کئی پہلو ہیں۔ وہ بیک وقت عالم دین اور نعت خوانی میں شہرت رکھتے تھے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم فیصل آباد میں حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم ملکی اور غیرملکی یونیورسٹیوں سے حاصل کی۔ آپ نے دینی تعلیم کے لئے اپنے والد گرامی شہید اہل سنت شاہ عبد القادر رضوی، مفتی اعظم ہند مصطفی رضا خان اور معین ملت حضرت معین الدین جیسے عظیم بزرگوں کی صحبت اختیار کی۔ اسی نسبت کا اثر تھا کہ آپ نے فیصل آباد میں جامعہ قادریہ رضویہ جیسی عظیم مذہبی درس گاہ قائم کی۔ آپ کی شبانہ روز محنت سے اس جامعہ کی ملک بھر میں کئی شاخیں قائم ہوئیں جس سے ہزاروں طلباءفارغ التحصیل ہوئے اور ہزاروں علم کی پیاس بجھا رہے ہیں۔ مدحت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم آپ کا شوق بھی تھا اور جنون بھی۔ آپ جب بھی نعت پڑھتے تو ہر لفظ سے عشق رسول ٹپکتا تھا۔ آپ نے المصطفیٰ انٹرنیشنل ٹرسٹ، شہید اہل سنت فاو¿نڈیشن، مجلس تحقیق اور المصطفائی کالج برائے خواتین جیسے ادارے قائم کر کے علم کی گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ آپ نے مکتبہ البغداد جیسے ادارے سے قرآن مجید، حدیث اور اسلام پر ہزاروں کتابیں پرنٹ کروا کر مفت تقسیم کیں۔ آپ انسانیت کا درد رکھنے والے دل کے حامل تھے۔ عوامی فلاح کے لئے غریبوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ہزاروں بچیوں کی شادیاں کرائیں اور ان کو فی سبیل اللہ جہیز بھی دیا۔ اسی درد مندی کی بدولت ہزاروں گھروں کے چولہے جل رہے ہیں۔ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپ کی آواز ہمیشہ نمایاں رہی۔