Thursday, April 18, 2024

آرمی چیف سے چینی وزیرخارجہ اور جرمن وزیردفاع کی ملاقاتیں

آرمی چیف سے چینی وزیرخارجہ اور جرمن وزیردفاع کی ملاقاتیں
December 9, 2015
راولپنڈی (92نیوز) چینی وزیر خارجہ مسٹر وانگ ژی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چینی وزیرخارجہ نے آپریشن ضرب عضب کے دوران ایسٹ ترکمانستان اسلامی مووومنٹ کے خلاف پاک فوج کی کاروائیوں کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق چینی وزیرخارجہ وانگ ژی اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور سکیورٹی کے حوالے سے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالہ سے چینی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ چینی وزیر خارجہ نے آپریشن ضرب عضب کے دوران ایسٹ ترکمانستان اسلامک موومنٹ کے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کاروائیوں پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ چینی وزیر خارجہ نے پاک چین اقتصادی راہداری کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے پر طویل المدتی اثرات مرتب ہونگے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جرمن وزیر دفاع ارسلا وان نے بھی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک جرمنی دفاعی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرمن وزیر دفاع نے آپریشن ضرب عضب میں ملنے والی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔