Tuesday, May 14, 2024

پہلے شادی پھر واپسی !!! محبوب کی تلاش میں چین سے آئی ڈولی کے پاکستان میں ڈیرے

پہلے شادی پھر واپسی !!! محبوب کی تلاش میں چین سے آئی ڈولی کے پاکستان میں ڈیرے
November 3, 2015
لاہور (92نیوز) چینی لڑکی ڈولی کی پاکستانی نوجوان سے محبت کی کہانی میں نیا موڑ آ گیا ہے۔ ڈولی کا پاکستانی محبوب امین محبت سے ہی مکر گیا۔ 92نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امین جتوئی نے کہا کہ ڈولی سے دوستی تھی محبت نہیں‘ اب وہ بدنام کرنے کے لیے الزامات لگا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چینی دوشیزہ ڈولی نے پاکستان میں ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ ڈولی کا کہنا ہے کہ امین جتوئی نے شادی کا وعدہ کیا تھا اب پورا تو کرنا ہی ہو گا۔ 92نیوز اس کہانی کے دوسرے فریق امین جتوئی کا موقف بھی سامنے لے آیا جو چین میں ہی مقیم ہے جس کے بعد معاملہ نیا رخ اختیا ر کر گیا جبکہ ڈولی نے چین واپس جانے سے انکار کر دیا۔ چینی لڑکی ڈولی کہتی ہے اس کی پاکستانی امین جتوئی سے چین میں ہی دوستی ہوئی جو محبت میں تبدیل ہو گئی۔ مظفر گڑھ کے امین جتوئی نے شادی کا وعدہ کیا جو پورا نہ ہوا جس کی وجہ سے پیچھے پیچھے چلی آئی۔ 92 نیوز نے ڈولی کے پاکستانی دوست کو ڈھونڈ نکالا جو چین میں ہی مقیم ہے۔ امین جتوئی نے 92نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ڈولی اچھی دوست تھی مگر سنجیدہ ہو گئی‘ نظرانداز کیا تو پاکستان چلی گئی‘ اب تنگ کر رہی ہے۔ امین جتوئی نے کسی قسم کے مالی معاملات اور جائیداد فروخت کرنے کے ڈولی کے دعوے کی تردید کر دی اور کہا کہ ڈولی بدنام کر رہی ہے‘ اس کے سوا کچھ نہیں۔ دوسری جانب ڈولی کہتی ہے امین کی خاطر سب کچھ لٹا کر پاکستان آئی جبکہ وہ چینی سفارتخانے جانے کو بھی تیار نہیں۔ اب یہ اندھی محبت کا معاملہ ہے یا کہانی کا ڈراپ سین ہے کچھ اور مگر ڈولی بضد ہے وہ شادی کئے بغیر نہیں جائے گی۔