Sunday, April 28, 2024

چینی لڑکی ڈولی محبوب کی تلاش میں مظفر گڑھ کے علاقے علی پور پہنچ گئی

چینی لڑکی ڈولی محبوب کی تلاش میں مظفر گڑھ کے علاقے علی پور پہنچ گئی
November 2, 2015
مظفرگڑھ (92نیوز) محبت کی ماری چین کی ڈولی کی پاکستان میں دبنگ انٹری۔ محبوب کی تلاش میں علی پور پہنچ گئی۔ سڑکوں پر زاروقطار روتی سکیورٹی رسک بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق چین کی لڑکی ٹین ڈو می عرف ڈولی نے اپنے ملک چین اپنے محبوب کے بغیر جانے سے انکار کر دیا اور دوبارہ گزشتہ روز علی پور پہنچ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈولی کا چین میں میڈیکل کالج میں داخل ایک پاکستانی لڑکے محمد امین جتوئی سے یارانہ ہوا جبکہ ڈولی اس کالج میں بطور کلرک کام کرتی تھی۔ دونوں کی دوستی پروان چڑھی اور دونوں میں قربتیں پیار و محبت میں بدل گئی۔ گزشتہ روز ڈولی نے ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں بتایا کہ وہ دو بہنیں ہیں‘ ماں باپ مر چکے ہیں۔ محمد امین کی محبت میں اندھی ہوئی اور اپنا گھربار اور زمین بھی فروخت کر کے شادی کے سہانے سپنے دیکھے اور رقم بھی اپنے محبوب کو دی لیکن وہ اچانک غائب ہو گیا۔ اس کی تلاش میں پاکستان آئی لیکن تاحال اسے اپنا محبوب نہ مل سکا ہے۔ ڈولی کو سخت سکیورٹی میں بیس رو قبل علی پور سے لاہور پہنچا دیا گیا تھا جہاں سے اسے واپس چین بھجوانے کا بندوبت کیا گیا لیکن اس نے جانے سے انکار کر دیا اور اب دوبارہ علی پور اپنے محبوب کی تلاش میں آ گئی۔ گزشتہ روز سارا دن ڈولی شہر بھر کی سڑکوں پر روتی پھرتی رہی اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ ستم یہ ہے کہ اسے پولیس یا کسی اور ادارہ نے تاحال کوئی سکیورٹی فراہم نہ کی ہے جس سے کوئی بھی نا خوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔ رات گئے مقامی این جی او کی خاتون زرینہ بی بی اسے اپنے ساتھ گھر لے گئی۔