Tuesday, April 23, 2024

چینی قونصلیٹ پر حملےمیں شہید ہونیوالے باپ بیٹا کوئٹہ میں سپرد خاک

چینی قونصلیٹ پر حملےمیں شہید ہونیوالے باپ بیٹا کوئٹہ میں سپرد خاک
November 24, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) کراچی حملے میں شہید کوئٹہ کے حاجی نیاز محمد اور انکے بیٹے ظاہر شاہ کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ گزشتہ روز کراچی میں چین کے قونصل خانے پر حملے میں دہشت گردوں کے فائرنگ سے شہید ہونے والے کوئٹہ کے حاجی نیاز محمد اور انکے جوانسال بیٹے ظاہر شاہ کی میتیں آج صبح کراچی سے کوئٹہ پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا۔ بیٹا اپنے والد اور بھائی کی میتیں دیکھ کر بلک بلک کر روتا رہا۔ میتوں کو مشرقی بائی پاس پر کیو ڈی اے قبرستان لایا یا گیا جہاں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی نماز جنازہ کے بعد دونوں کوکیوڈی اے قبرستان میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر شہید حاجی نیاز کے بھائی کا کہنا تھا کہ دونوں باپ بیٹا تجارت کی غرض سے چین جانا چاہتے تھے جس وقت حملہ ہوا دونوں فنگر پرنٹس کی تصدیق کیلئے قونصل خانے میں موجود تھے۔ ظاہر شاہ کے چھوٹے بھائی کا کہنا تھا کہ کل سے اب تک سندھ اور بلوچستان حکومت کی جانب سے کسی قسم کا کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔ اپنی مدد آپ کے تحت ہی میتیں کوئٹہ لائے ہیں جبکہ بلوچستان حکومت کی جانب سے اب تک کسی ایک رکن نے بھی داد رسی کیلئے رابطہ نہیں کیا۔