Tuesday, April 23, 2024

چینی قونصلیٹ پر حملہ ناکام ، کراچی پولیس کے جوانوں نے بہادری کی تاریخ رقم کر دی

چینی قونصلیٹ پر حملہ ناکام ، کراچی پولیس کے جوانوں نے بہادری کی تاریخ رقم کر دی
November 23, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی پولیس کے جوانوں نے جرات اور بہادری کی تاریخ رقم کر دی۔ اے ایس آئی اشرف داؤد اور اہلکار عامر خان نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے نہ صرف ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ انسانیت کو بھی بچا لیا۔ شہید عامر خان کا بھائی اور بھتیجا بھی دہشت گرد حملے میں جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ ملک اور قوم کو جب بھی قربانی کی ضرورت پیش آئی، شہید عامر خان کے گھرانے نے فرائض کی انجام دہی میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ عامر کی ڈیڑھ سالہ شہزادی بابا کی آمد کی منتظر، چالیس دن کا بیٹا بےخبر، اہلیہ بھی شدت غم سے نڈھال ہیں۔ قونصل خانے میں چچا عامر خان کے ساتھ موجود بھتیجے نے جرات اور بہادری کا آںکھوں دیکھا حال سنا دیا۔ جان کی قربانی دیکر انسانیت کو بچانے والے اے ایس آئی اشرف داود کے ورثاء پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ بھائی نے بتایا کہ اشرف سب کو بہت عزیز تھا،ان کا خلا پُر نہیں کیا جاسکے گا۔ اشرف دادو کی شہادت سے  ایک بیٹا اور دو بیٹیاں بھی بابا جان کی شفقت سے محروم ہوگئیں۔