Sunday, May 5, 2024

چینی قونصل خانے پر حملے کے 5سہولت کار گرفتار، امیر شیخ

چینی قونصل خانے پر حملے کے 5سہولت کار گرفتار، امیر شیخ
January 11, 2019
 کراچی (92 نیوز) چينی قونصل خانے پر حملہ کرنے والے ملک دشمن قانون کی گرفت ميں آ گئے۔ کراچی، حب، خضدار اور کوئٹہ سے پانچ سہولت کار گرفتار کر لئے گئے۔ سیکورٹی فورسز کو ملی بڑی کامیابی مل گئی۔ کراچی میں چينی قونصليٹ پر حملے کے پانچ سہولت کار قانون شکنجے میں آگئے۔ ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ بلوچستان لبریشن آرمی نے را کی ایما پر کیا  جسکی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی۔ ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا تھا چینی قونصلیٹ پر حملے کے سہولت کاروں کی گرفتاری  کے لیے کراچی ، خضدار اور کوئٹہ میں آپریشنز کیے گئے۔ پولیس چیف نے کہا دہشت گردوں نے حملے کے لیے چار ماہ تک چینی قونصلیٹ کی ریکی کی جبکہ حملے کے لیے اسلحہ بذریعہ ٹرین کراچی لایا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حملہ آوروں نے نادرا کے جعلی شناختی کارڈ بنا رکھے تھے جس کے لیے ایف آئی اے کو خط لکھ رہے ہیں۔ قبل ازیں چینی قونصلیٹ پر حملے کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت ہوئی ۔ موبائل فون ریکارڈ سے دہشتگردوں کے رابطہ کار کا سراغ ملا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 13 افراد حراست  میں لئے ، تفتیش میں اہم حقائق بے نقاب ہوئے۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق موبائل فون اورنگی کی رہائشی خاتون کےنام نکلا، خاتون کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا جب کہ 13 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے 8 سے زائد کالز کیں۔ مقامی سہولت کاروں سے تفتیش میں بھی اہم حقائق بے نقاب ہوئے۔ ادھر چینی قونصلیٹ پر حملے میں پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرکی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ملی۔ فوٹیج کے مطابق دہشتگرد اسلحہ لہراتے ہوئے گلی میں داخل ہوئے اور قونصلیٹ تک پہنچے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سے کسی نے اسلحہ بردار افراد کو چیک کرنے کی اطلاع چوکی پر نہ دی۔ دہشت گردوں نے پہلے دستی بم پھینکا اور پھر چوکی پر فائرنگ کی۔