Friday, March 29, 2024

چینی قونصل خانہ بند کرنے پر چین کا چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم

چینی قونصل خانہ بند کرنے پر چین کا چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم
July 24, 2020
 بیجنگ (92 نیوز) امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا۔ ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ بند کرنے کے امریکی اقدام کے رد عمل میں چین نے چینگ ڈو میں امریکی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم دے دیا۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین نے چینگ ڈو میں امریکی قونصلیٹ جنرل کا لائسنس منسوخ اور متعلقہ سفارتی عملے کو واپس امریکا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ امریکی حکام اور سفارتی عملے کو قونصلیٹ جنرل میں تمام امور اور سرگرمیاں بند کرنے سے متعلق بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات میں بگاڑ کی خواہش نہیں رکھتے۔ تاہم  ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ بند کرکے امریکا نے اسے ردعمل دینے پر مجبور کیا۔ اس لئے تعلقات میں خرابی کی ساری ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے۔ چینی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اگر امریکا دوطرفہ تعلقات میں بحالی چاہتا ہے تو ہیوسٹن میں چینی قونصل خانہ بند کرنے کا غلط فیصلہ فوری واپس لے۔