Friday, April 19, 2024

چینی فوج کی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر پیش قدمی ، 4 ہزار کلومیٹر پر فوج تعینات کر دی

چینی فوج کی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر پیش قدمی ، 4 ہزار کلومیٹر پر فوج تعینات کر دی
June 11, 2020
 نئی دہلی (92 نیوز) چینی فوج کی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر پیش قدمی سے بھارتی ایوانوں میں ہلچل مچ گئی۔ چین نے 4 ہزار کلومیٹر طویل ایل اے سی پر فوج تعینات کر دی۔ پہلے چینی فوج نے بھارتی فوج کو ناکوں چنے چبوائے پھر مذاکرات میں ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔ مودی حکومت نے ہزیمت چھپانے کے لئے چپ کا روزہ رکھ لیا لیکن دوسری جانب دونوں جانب سے جنگی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ بھارتی میڈیا نے تہلکہ خیز رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق چین نے بھارت سے مذاکرات میں سخت موؤقف اختیار کرنے کے بعد اب 4 ہزار کلومیٹر طویل ایل اے سی پر اپنی فوج تعینات کر دی جبکہ بھارت نے بھی ہماچل پردیش، سکم، اترکھنڈ اور اراونچل پردیش میں اپنی افواج کو اگلے مورچوں پر بھیج دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لداخ اور سکم کے محاذ پر چین نے مئی کے آغاز پر ہی بڑی تعداد میں فوج تعینات کر دی تھی۔ چین نے بھارت کے ساتھ اپنی تمام سرحدوں پر بڑی تعداد میں فوج کے ساتھ بھاری اسلحہ بھی منتقل کر دیا ہے جبکہ بھارت نے بھی ہماچل پردیش میں تعینات ریزرو بریگیڈ کو بیک اپ فورس کے طور پر لداخ روانہ کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے بھارتی عسکری ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ہماچل پردیش اور اترکھنڈ کی لائن آف ایکچول کنٹرول پر چینی فوجیوں کا گشت اور جنگی ہیلی کاپٹرز کی پروازیں بھی دیکھی گئی ہیں۔ اس کشدیدہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت نے اسٹرائیک فورس کو پوری طرح تیار رہنے کا بھی حکم دے دیا ہے ۔