Saturday, April 20, 2024

چینی صدر کا دورہ پاکستان بھارت سرکار کے گلے میں اٹک گیا، کشتی ڈرامہ رچا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش

چینی صدر کا دورہ پاکستان بھارت سرکار کے گلے میں اٹک گیا، کشتی ڈرامہ رچا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش
April 22, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) بھارت نے ایک اور کشتی ڈرامہ رچا کر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس بار پاکستانی کشتی سے اربوں روپے کی ہیروئن پکڑنے کا دعویٰ کیا گیا ہے حالانکہ بھارت مبینہ دہشتگردوں کی کشتی دھماکے سے اڑانے کے دعوے پر پہلے بھی شرمندہ ہو چکا ہے۔ مودی سرکار کو چینی صدر کا دورہ پاکستان کسی طور بھی ہضم نہیں ہو رہا۔ بھارتی کوسٹ گارڈ کمانڈر کلدیپ سنگھ کو پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کا ایک اور موقع مل گیا۔ کہتے ہیں کہ دو پاکستانی کشتیاں بھارتی سمندری حدود میں داخل ہوئیں جن کو بھارتی کشتی سنگرام نے روک لیا۔ فاطمہ نامی کشتی سے چار افراد کو پکڑا گیا جبکہ فضا نامی کشتی سے بھی چار افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کشتیوں پر سوار افراد نے ہیروئن کے ڈبے چھپانے کی کوشش کی لیکن بھارتی کوسٹ گارڈز نے منشیات برآمد کر لی۔ بھارتی بحریہ نے گرفتار افراد سے تین سیٹلائٹ فون بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ پکڑی گئی ہیروئن کی مالیت دو ارب اسی کروڑ روپے ہے، اس سے پہلے بھارتی کوسٹ گارڈز نے گذشتہ سال اکتیس دسمبر کو مبینہ پاکستانی دہشتگردوں کی کشتی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا مگر پھر خود ہی مکر گئے تھے۔