Thursday, March 28, 2024

چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چئیرمین کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

چینی سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چئیرمین کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ
August 27, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) چینی سینٹرل کمیشن کے وائس چئیرمین جنرل زو کلی آنگ نے اعلی سطح کے وفد کے ساتھ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر چینی وائس چیئرمین کا نیول چیف نے پرتپاک استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاکو چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈکورٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ملاقات کی۔ امیرالبحر سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک چین دوستی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام اور افواج کے مابین باہمی اعتماد اور رواداری کا تعلق مثالی ہے۔ نیول چیف نے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان جاری منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے کثیر القومی بحری مشق امن 2019 میں چینی بحریہ اور انکی اسپیشل آپریٹنگ فورسز کی شرکت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ دونوں فریقین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ سی پیک نہ صرف خطے کی بلکہ دونوں ممالک کی عوام کے معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان دفاع کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق رائے کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں معزز مہمان کو بحر ہند میں سیکیورٹی کی صورتحال اور امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ چینی وائس چئیرمین اپنے دورے کے دوسرے حصے میں پاک بحریہ کی کراچی میں واقع فیلڈ کمانڈز کا بھی دورہ کریں گے۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف باہمی تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ دفاعی تعلقات کو بھی تقویت ملے گی۔