Friday, April 26, 2024

چینی سفارتخانے پر حملے میں ایک دہشت گرد کا تعلق بلوچستان سے نکلا

چینی سفارتخانے پر حملے میں ایک دہشت گرد کا تعلق بلوچستان سے نکلا
November 23, 2018
کراچی (92 نیوز) سکیورٹی فورسز نے چینی سفارتخانے پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیئے۔ فورسز نے کامیاب  آپریشن کرتے ہوئے دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات میں تہلکہ خیز انکشافات سامنے آ گئے۔ ایک دہشت گرد کا تعلق بلوچستان سے نکلا۔ وقت صبح نو بج کر پندرہ منٹ ،جب کراچی میں زندگی پوری طرح سے رواں دواں ہوئی تو دستی بمبوں  سے لیس   تین دہشت گرد کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے کی طرف  بڑھے ۔ دہشت گردوں نے قونصل خانے سے باہر بنی پولیس چوکی پر دستی بم حملے سے  ابتدا کی۔ پوری منصوبہ بندی سے آئے دہشت گرد پولیس چوکی پر حملے کے بعد مین دروازے کی جانب بڑھے جہاں موجود پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا ۔ یہاں تک کہ انسانیت کے دشمن گردوں کے لئے آگے بڑھنا مشکل ہو گیا۔ واقفے کی موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج دہشت گردوں کے حملے اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ مقابلے کی پوری داستان سنا رہی ہے ۔ حملہ آوروں  کی عمریں بیس سے پچیس سال کے درمیان تھیں۔ دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے ویزہ کاؤنٹر سے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی مگر اسی دوران پولیس ، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اُنہیں آن گھیرا ۔ مقابلے کے دوران دو دہشت گرد ایک جگہ پر جبکہ تیسرا مین دروازے کے قریب اپنے انجام کو پہنچ گیا تاہم اس دوران  دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ دہشت گردوں کے حملے کی تحقیقات کا آغاز ہو گیا ۔ ذرائع کے مطابق ایک دہشتگرد کی شناخت عبدالرازق کے نام سے ہوئی۔ دہشتگرد کے بیگ سے کالعدم تنظٖیم کا جھنڈا بھی برآمد ہوا جو بلوچستان حکومت کا ملازم بھی ہے۔ تینوں دہشتگردوں کی تربیت ’’این ڈی ایس‘‘ اور ’’را ‘‘نے کی۔