Thursday, May 9, 2024

چینی بحران، وزیر اعظم نے کل اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا

چینی بحران، وزیر اعظم نے کل اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا
June 7, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) چینی بحران پر وزیر اعظم عمران خان نے کل اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ، ذرائع کے مطابق ذمہ دار افرادکے خلاف ایکشن کا فیصلہ ہوگا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت کل اعلیٰ سطح کے اجلاس میں  چینی بحران میں ملوث افراد کیخلاف مقدمات دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن  چینی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے قائم کمیشن کی رپورٹ ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر چکی ہے ، لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں  اصل کرداروں سے توجہ ہٹانے کیلئے 347 صفحات پر مشتمل رپورٹ لکھی گئی۔ شوگر اسکینڈل کے اصل ذمہ دار عمران خان، عثمان بزدار،حفیظ شیخ اور اسد عمر ہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی  نے کہا کہ  بیس ماہ قبل وزیراعظم عمران خان نے چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا اس دن سے چینی کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے۔ چینی اسکینڈل پر قائم کمیشن کی رپورٹ منظر عام آنے سے لے کر اب تک چینی کی قیمت 20 فیصد بڑھ چکی ہے۔ حکومت اتنی معصوم ہے کہ 200 ارب روپے کا ڈاکہ ڈال کر خاموش بیٹھی ہے۔

شاہد خاقان عباسی  نے حکومت سے تین سوالات دریافت کئے، چینی برآمد کرنے کے فیصلہ کا ذمہ دار کون ہے؟، سبسڈی کس نے دی؟، اور تیسرا مانیٹرنگ کیوں نہیں کی گئی؟، بولے ! بحثیت وزیراعظم میں نے بھی چینی ایکسپورٹ کی اجازت دی تھی لیکن مانیٹرنگ سخت رکھی، ایک ایف آئی آر مجھ پر اور ایک عمران خان پر درج کی جائے۔