Thursday, May 9, 2024

چینی بحران سے فائدہ اٹھانے والوں کا احتساب ہوگا،شہزاد اکبر

چینی بحران سے فائدہ اٹھانے والوں کا احتساب ہوگا،شہزاد اکبر
June 7, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران  خان کے معاون خصوصی برائے احتساب  شہزاد اکبر نے کہا کہ چینی بحران سے فائدہ اٹھانے والوں کا احتساب ہوگا ، معاملہ نیب کو بھیج رہے ہیں ، بحران میں سیاسی لوگ بھی فائدے کیلئے ملوث ہیں ، شوگر انڈسٹری کے لوگ من چاہی زیادتیاں کر رہے تھے ۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ یہ کل جماعتی کانفرنس نہیں بلکہ آل شوگر ڈیڈیز کانفرنس کر رہے ہیں ، جانی جانی یس پاپا ، ایٹنگ شوگر یس پاپا والا کام ہے ، ان کو علم ہے کہ یہ  اس سارے معاملے میں ملوث ہیں ۔ کمیشن کے سرکاری ملازمین پریس کانفرنس نہیں کرتے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بھی جب سبسڈی دی گئی تو اس میں بھی ماضی والی غلطی کی گئی ، ہم نے چینی کی قیمتیں  کم کرنے کے حوالے سے 90 دن سے کم کا وقت مقرر کیا ۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ وزیراعظم  نے  پچھلے بیس پچیس سال کی سبسڈی کے خلاف ریفرنس نیب کو ارسال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ،  شوگر کی 5سالہ فرانزک رپورٹ میں بہت زیادتی نظر آرہی ہے ، 90کی دہائی میں ایک بڑے خاندان نے بھارت کو بہت زیادہ چینی سپلائی کی اور بہت زیادہ سبسڈی وصول کی، چینی افغانستان بھی اسمگل کی جاتی رہی، پندرہ سے بیس ٹن والے ٹرک میں 80من چینی دکھائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب سے شوگر کی رپورٹ آئی ہے، شاہد خاقان عباسی نے پورا مدعا اپنے اوپر لے لیا ہے،کچھ دیر بعد شاہد خاقان بھی پریس کانفرنس کرنے آجائیں گے، انہوں نے سلیمان شہباز کی ایما پرسبسڈی کے نام پر عوام کو 20ارب روپے کا چونا لگایا۔

سینیٹر شبلی فراز بولے کہ امید ہے چینی کی قیمتوں میں ریلیف ملے گا، ذمہد اروں کے خلاف کارروائی  بھی ہوگے اور جرمانے بھی ، بلاول بھٹو کو علم ہی نہیں کہ وفاق نے ان کی سندھ حکومت کو کیا کچھ دیا ہے ، اپنی صوبائی حکومت کی نا اہلیوں کو چھپانے کیلئے وہ پریس کانفرنس کرتے ہیں ۔

وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو جانتے ہیں کہ احتساب کو شکنجہ اپنے فائنل مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ۔