Thursday, March 28, 2024

چینی باشندوں کی جعلی شادی میں خودساختہ میرج سرٹیفیکیٹس کے استعمال کا انکشاف

چینی باشندوں کی جعلی شادی میں خودساختہ میرج سرٹیفیکیٹس کے استعمال کا انکشاف
May 19, 2019
 سرگودھا (92 نیوز) چینی باشندوں کی جانب سے پاکستانی خواتین کی جعلی شادی کے ذریعے اسمگلنگ کیس میں خودساختہ میرج سرٹیفیکیٹس کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ چینی باشندوں کی جانب سے پاکستانی خواتین کی جعلی شادی کے ذریعے اسمگلنگ  کیس میں نیا موڑ آ گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق چینی گروہ نے لڑکیوں کے گھروں سے متعلقہ یونین کونسلز کے جعلی میرج سرٹیفیکیٹس استعمال کیے۔ معاملہ سامنے آنے پر ایف آئی اے نے پنجاب کے 18 اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے اب تک تمام یونین کونسلز میں جتنی چینی باشندوں کی شادیاں ہوئیں تمام کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن میں نواحی گاوں نصیرپور کی مبینہ طور پر چینی گروہ سے متاثرہ 2 لڑکیاں مںطرعام پر آ گئیں۔ لڑکیوں کے مطابق چائنیز لڑکوں نے خود کو مسلمان ظاہر کرکے فرضی نکاح کئے اور انہیں چین اسمگل کرنا چاہتے تھے تاہم موقع ملتے ہی وہ فرار ہوکر گھر آ گئیں۔ چینی گروہ سے متاثرہ ثمینہ اور تصور بی بی نے تسیخ نکاح اور تکذیب نکاح کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا ہے جبکہ اہلخانہ اعلی حکام سے ملزمان کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔