Thursday, May 9, 2024

چینی اسکینڈل میں انکوائری کمیشن کی رپورٹ کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل مسترد،تفصیلی فیصلہ جاری

چینی اسکینڈل میں انکوائری کمیشن کی رپورٹ کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل مسترد،تفصیلی فیصلہ جاری
August 18, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز)  اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی اسکینڈل  تحقیقات میں انکوائری کمیشن کی رپورٹ کےخلاف  شوگرملز کی انٹراکورٹ اپیل مسترد کرنے کاتفصیلی فیصلہ جاری کردیا ، قرار دیا کہ شوگرملز کی اپیل میرٹ پر پورا نہیں اترتی۔ چینی اسکینڈل میں انکوائری کمیشن کی رپورٹ کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل بھی مسترد ،،اسلام آباد ہائی کورٹ نے 52صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ۔ عدالتی فیصلہ جسٹس  میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریر کیا،عدالت نے قرار دیا کہ کمیشن کی رپورٹ اس بنیاد پر کالعدم قرار نہیں دی جاسکتی کہ کمیشن کی تشکیل کی سمری متعلقہ وزارت نے کیوں جاری نہیں کی،کمیشن تشکیل پانے کے بعد ساتویں رکن کی شمولیت کی بنیاد پر بھی رپورٹ کالعدم قرار نہیں دی جاسکتی۔ عدالت نے توقع کااظہار کیا کہ نوٹی فکیشن گزٹ میں شائع نہ ہونے کے ذمہ داروں کو ان کی ذمہ داریاں قانون کے مطابق بتائی جائیں گی،انکوائری کمیشن کے اخذ کردہ نتائج حتمی ہوتے ہیں نہ ہی کمیشن کوئی فرد جرم عائد کرتا ہے،،شہرت کو نقصان پہنچنے کااعتراض یا سب فریقین کو سماعت کا حق نہ ملنے کااعتراض درست نہیں ،امید ہے تحقیقات کے دوران ایک رکنی بنچ کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے گا۔