Saturday, April 27, 2024

چینل 92 نیوز کی پانچویں سالگرہ پر شہر شہر کیک کاٹنے کی تقریبات

چینل 92 نیوز کی پانچویں سالگرہ پر شہر شہر کیک کاٹنے کی تقریبات
February 6, 2020
لاہور ( 92 نیوز)92 نیوز کی پانچویں سالگرہ پر شہر شہر کیک کاٹنے کی تقریبات ہوئیں۔ ملک کے کونے کونے میں خوشی کا سماں ہے۔ ملکی سیاسی قیادت، مذہبی اور سماجی شخصیات کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ۔ کھلاڑیوں اور فنکاروں سمیت ہرشعبہ زندگی کی شخصیات کے بھی نائنٹی ٹو نیوز کیلئے تہنیتی پیغامات بھیجے ۔  پنجاب بے باک صحافت اور اعتماد کے پانچ سال مکمل، 92نیوز کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ نائنٹی ٹو نیوز نے باخبر  اور باوثوق کی روایت کو ہمیشہ برقرار رکھا ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں  بھی نائنٹی ٹو نیوز  کی  پانچویں سالگرہ  دھوم دھام سے  منائی گئی  ، شیخوپورہ میں تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور 92نیوز کو کامیابیوں اور مثبت صحافت پر مبارکباد دی ۔ قصور آفس  میں بھی  92 نیوز کی پانچویں سالگرہ کی  شاندار تقریب  منعقد کی گئی ، پروقار تقریب میں  92پاؤنڈ کا کیک کاٹا گیا ، صوبائی  وزیر پاپولیشن ویلفیئر ہاشم ڈوگر، ایڈیٹر فورم رانا عظیم   اور ننھی زینب کے والد امین انصاری سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔ گجرات ، گوجرانوالہ ،حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بھی 92 نیوز کی پانچویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ،مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی اور نائنٹی ٹو نیوز کو کامیابیوں کی منازل طے کرنے پر مبارکباد دی ۔ ساہیوال ،اوکاڑہ،دیپالپور،بصیر پور، پھولنگر،پتوکی میں  بھی نائنٹی ٹو نیوز کی پانچویں سالگرہ کی تقریبات  کا اہتمام کیا گیا ۔ سیاسی شخصیات،تاجربرادری ،صحافی برادری اور سول سوسائٹی نے نائنٹی ٹو نیوز کو مبارکباد دی اور مزید کامیابیوں کیلئے دعا کی ۔ جلال  پور بھٹیاں ،سانگلہ ہل،عارفوالا،نارووال،علی پور چٹھ،ملکوال سمیت دیگر شہروں میں بھی نائنٹی ٹو نیوز کی پانچویں سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔ سندھ سندھ کے مختلف شہروں میں 92 نیوز کی پانچویں سالگرہ کی تقریبات  کا سلسلہ جاری ہے ، سکھر بیورو آفس میں بھی سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔چینل 92نیوز کو قلیل وقت میں بلند مقام حاصل کرنے پر مبارکباد دی ۔ مٹھی  میں بھی  92 نیوز کی پانچویں سالگرہ پروقار انداز میں منائی گئی ، تقریب میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی و دیگر اہم شخاصیات نے  شرکت کی، اور  92نیوز کو سالگرہ پر مبارکباد  دیتے ہوئے کہا کہ 92 نیوز نے نہ صرف ملکی و بین الاقوامی معاملات تک عوام کو رسائی دی بلکہ وطن عزیز کے گلی کوچوں کے مسائل کو بھی اجاگر کیا۔ خیرپور میں بھی 92 نیوزکی 5 وی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ،  تقریب میں ڈپٹی کمشنر خیرپور سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ فیصل آباد نائنٹی ٹو نیوز کے پانچ سالہ سفر کی کامیابی پر فیصل آباد بیورو آفس میں بھی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ روزنامہ نائنٹی ٹو نیوز کے ایڈیٹر انچیف محمد حیدر امین، بیورو چیف نائنٹی ٹو نیوز فیصل آباد میاں شفیق اور ریذیڈینٹ ایڈیٹر روزنامہ 92 نیوز عاطف اعوان نے معزز مہمانوں کیساتھ ملکر کیک کاٹا۔ اعلیٰ صحافتی اقدار کے حامل نائنٹی ٹو نیوز کی خوشیوں میں صوبائی وزیر برائے پراسیکیوشن چوہدری ظہیرالدین، صوبائی وزیر بیت المال اجمل چیمہ، ایم پی اے لطیف نذر، ایم پی اے خیال کاسترو، ایم پی اے وارث عزیز، سابق لیگی ایم این اے اکرم انصاری، لیگی ایم پی اے مہرحامد رشید، سابق ایم پی اے خالد سعید اور سابق لیگی ایم پی اے میاں طاہرجمیل  نے شرکت کی اور چینل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی، اراکین صوبائی اسمبلی صدر چیمبر آف کامرس سمیت دیگر صنعت کاروں سیاسی اور سماجی شخصیات نے نائنٹی ٹو نیوز کے کامیاب سفر کو خوب سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ جس طرح نائنٹی ٹو نیوز نے حق اور سچ کہنے کی جرات کا مظاہرہ کیا اور عوام تک حقائق پہنچائے  یقینی طور پر امید کی جا سکتی ہے کہ مستقبل میں بھی کامیابیوں کا یہ سفر جاری رہے گا۔ کوئٹہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی طرح 92نیوز کوئٹہ بیورو میں بھی رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں پانچویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر دنیش کمار کا کہنا تھا کہ 92 نے عوامی مسائل اورجدید ٹیکنالوجی کے ذریعے میڈیا انڈسٹری میں اپنی دھاک بٹھائی۔ سالگرہ کی تقریب میں شریک ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ 92نیوز نے ہمیشہ غیرجانبداری کا مظاہرہ کیا ، انتہائی کم عرصے میں آج 92 نیوز نے بڑے اور مستند میڈیا ہاﺅسز کی صف میں کھڑا ہے۔ 92نیوز کے تمام چاہنے والوں نے آج کے دن نیک خواہشات اور تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اسی جذبے سے کام کرنے کی امید کی ہے۔ حیدرآباد 92 نیوز کی پانچویں سالگرہ پر حیدرآباد پریس کلب کے آڈیٹوریم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنر حیدرآباد عباس بلوچ، سماجی رہنماء صارم برنی، میئر طیب حسین، اراکین سندھ اسمبلی عبدالجبار خان، راشد خلجی، ندیم صدیقی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے سالگرہ کا کیک کاٹا اور 92 نیوز کو پانچویں سالگرہ کی مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے 92 نیوز کو بے باک صحافت اور حقائق پر مبنی خبریں نشر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ 92 نیوز کامیابی کا سفر آئندہ بھی جاری رکھے گا۔