Friday, March 29, 2024

چینل 92 نیوز کی مہم ’’بائیکاٹ ڈالر‘‘ سوشل میڈیا پر مقبول

چینل 92 نیوز کی مہم ’’بائیکاٹ ڈالر‘‘ سوشل میڈیا پر مقبول
May 21, 2019
لاہور ( 92 نیوز) مہنگائی کیخلاف لڑائی، ڈالر کی پٹائی مشکل وقت میں چینل 92 نیوز  بنا امید کی کرن، معیشت کی بہتری کیلئے 92نیوز کی کاوشیں رنگ لانے لگیں ۔ چینل 92 نیوز کی مہم ’’بائیکاٹ ڈالر‘‘ سوشل میڈیا پر مقبول ہو گئی ، پاکستانی قوم نے  92نیوز کی آواز پر لبیک کہا اور ڈالر کے خلاف مہم میں  عوام نے وطن عزیز سے والہانہ محبت کا اظہار  کیا۔ صارفین  نے رائے دی ہے کہ پاکستان کیلئے متحد ہونے کا وقت آگیا، روپے کے استحکام کیلئے ہر پاکستانی کردار ادا کرے، گوجرانوالہ کے پہلوانوں نے ڈالرجلا دئیے۔ معیشت کی بہتری کیلئے شروع ہونے والی اس جنگ میں 92 نیوز ہراول دستہ بن گیا، 92 نیوز نے عوام کو بتایا کہ دھڑا دھڑ ڈالر کی خریداری کی وجہ سے مصنوعی بحران ہوگیا ، قوم بائیکاٹ کردے تو  ڈالر کے ہوش ٹھکانے آجائیں گے۔ پاکستانی قوم نے 92 نیوز کی آواز پر لبیک کہا اور جوق در جوق اس مہم کا حصہ بننے لگے ۔ بائیکاٹ ڈالر کی مہم سوشل میڈیا پر ہِٹ ہوگئی  اور وطن سے والہانہ محبت کا ثبوت دیتے ہوئے ڈالرکیخلاف میدان میں آگئے ۔ محب وطن پاکستانیوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے  92 نیوز کی کاوشوں کو سراہا۔ ایک صارف نے روپیہ کو قوم کا فخر قرار دیا ،ایک نے لکھا کہ پاکستان کیلئے متحد ہونے کا وقت آگیا ہے ،روپے کو استحکام دینے  میں اپنا کردار ادا کریں ۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ   ملک کو اس وقت معاشی جنگ کا سامنا ہے ،روپے کے دفاع کیلئے  سب کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔ فیس بک پر بھی ایک صارف نے  ڈالر کو جلاتے ہوئے اس مہم میں اپنا حصہ ڈالا۔ گوجرانوالہ کے شہر بھی کہاں پیچھے رہنے والے تھے جنہوں نے  ڈالر کے بائیکاٹ کا اعلان کیا اور ڈالر جلادئیے ۔ ایک صارف نے ٹویٹ کیا ڈالر کا بائیکاٹ کریں ترکوں کی طرح غیرت مند بنیں،92 نیوز کی چلائی ہوئی مہم ایک سوشل میڈیا پر ایک قومی مہم بن چکی ہے۔ ایک بار پھر پاکستانی قوم قربانی دینے کو تیار ہے حکومت ڈالر اورایمپورٹڈ مصنوعات کے بائیکاٹ اعلان کرے، روپے کو عزت دے۔