Thursday, April 18, 2024

چینل 92 نیوز کی آواز پر تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے ڈونرز گھروں سے نکل آئے

چینل 92 نیوز کی آواز پر تھیلیسیمیا کے مریضوں کیلئے ڈونرز گھروں سے نکل آئے
April 11, 2020

فیصل آباد ( 92 نیوز) چینل 92 نیوز کی کاوشیں رنگ لانے لگیں ، تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون عطیہ کرنے کی مہم چلائی تو فیصل آباد میں ڈونرز گھروں سے نکل آئے اور پیغام دیا کہ آئیےایک ایک بچےکو خون فراہم ہونے تک یہ فریضہ سر انجام دیتے رہیں۔

چینل 92 نیوز نے تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی درد بھری اپیل سب کو سنائی  ، مہم زوروں سے چلائی  تو فیصل آباد  کی گلستان کالونی میں واقع فاونڈیشن میں ڈونرز خون عطیہ کرنے لگے۔

 فاونڈیشن کے منتظم کاشف نے  92 نیوز کا شکریہ ادا  کرتے ہوئے کہا کہ  عوام  خون کے ساتھ زکوٰۃ  دیں ، ایک بچے کو خون کی ایک بوتل لگنے کا خرچہ 5000 روپے آتا ہے۔

تھیلیسیمیا اور ہیمو فیلیا کے شکار سیکڑوں بچوں کو مہینے میں دو سے چار مرتبہ خون کی ضرورت رہتی ہے جسے کے اخراجات عام حالات میں  بھی کم نہیں ، ادھر پولیس کے جوان بھی تھیلیسیما کا شکار بچوں کے لیے خون کا عطیہ دینے میدان میں آگئےاور پولیس لائن میں ایک روزہ کیمپ لگایا۔

دوسری جانب فاؤنڈیشن انتظامیہ کے مطابق لاک ڈاؤن کیساتھ ساتھ ماہ رمضان بھی قریب ہے ایسے میں مزید خون اکٹھا کرنے میں دشواری برقرار رہے گی۔

خون کی بوند بوند سے ان بچوں کی سانسیں جڑی ہیں اور آنکھیں ہر وقت ڈونرز کی منتظر رہتی ہیں۔

درد دل رکھنے والوں کے نام 92 نیوز کا پیغام  ہے کہ  ، ایک ہمدردانہ اپیل ہے کہ  خدارا تھیلیسیمیا کے بچوں کو خون عطیہ کریں ۔