Thursday, May 9, 2024

چین کے نائب صدر تین روزہ دورہ پاکستان کے بعد وطن واپس روانہ ‏

چین کے نائب صدر تین روزہ دورہ پاکستان کے بعد وطن واپس روانہ ‏
May 28, 2019
لاہور ( 92 نیوز) چین کے نائب صدر وانگ چی شی تین روزہ دورہ پاکستان کے بعد واپس روانہ ہوگئے ۔  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ایئرپورٹ پر معزز مہمان کو رخصت کیا۔ چین کے نائب صدر وانگ چی شی اپنا تین روزہ دورہ پاکستان مکمل کر کے چین واپس روانہ وہ گئے   ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے معزز مہمان کو الوداع کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور میں آپ کی میزبانی کرکے دلی خوشی ہوئی ہےآپ کا دورہ پاکستان پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرے گا، پاکستان اور چین کی دوستی کا لازوال رشتہ کبھی ختم نہیں ہوسکتا۔ سردارعثمان بزدار کے ہمراہ  صوبائی وزراء راجہ بشارت، سید صمصام بخاری، نعمان لنگڑیال، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز عالم، تیمور بھٹی، آشفہ ریاض، عنصر مجید خان نیازی، سمیع اللہ چوہدری، حافظ ممتاز احمد، ہاشم ڈوگر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری اطلاعات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایئرپورٹ پر چین کے نائب صدر وانگ چی شن کو ان کے دورہ لاہور کی تصاویر کی البم بھی پیش کی۔ چینی نائب صدر نے تصویری البم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور  البم میں موجود تمام تصاویر دیکھیں، چینی نائب صدر نے البم میں بادشاہی مسجد کے دورے کی تصاویر دیکھ کر خوشگوار حیرت کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ  یہ البم میرے لئے یادگار ہے۔ چینی نائب صدر نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے کہا کہ  آپ کی ٹیم نے انتہائی محنت سے کام کیا ہے ،  لاہور سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہا ہوں۔ ٹریفک پولیس نے چینی نائب صدروانگ چی شن کی لاہورمیں موجودگی کی وجہ سے سٹی ٹریفک پولیس نے  آج صبح 11 بجے تک شہریوں کو بتی چوک سے مینارپاکستان روڈ کواستعمال کرنے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے شہریوں کو صبح سات سےگیارہ بجے دن تک مال روڈ گورنر ہاؤس سے رنگ روڈ تک سفر کرنے سے پرہیز کی ہدایت کی تھی ۔ مال روڈ ریگل چوک سے کینٹ جانے والی ٹریفک کو فیصل چوک سے گنگارام چوک، جیل روڈ کی جانب موڑاگیا ، مال روڈ الحمرا ہال سے  گورنر ہاؤس،  پل نہر مال، کینٹ ہر قسم کی ٹریفک کےلئے بند کی گئی ۔ شہری مال روڈ الحمرا سے کینٹ جانے کےلئے پریس کلب چوک، ٹھنڈی سڑک، علامہ اقبال روڈ استعمال کرتے رہے ، ۔شاہدرہ سے لاہور آنے والی ٹریفک شاہدرہ سے بیگم کوٹ چوک، السعید چوک، سگیاں پل، سگیاں چوک سے لاہورمیں داخل ہوئی ۔   گزشتہ روز لاہور پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چین کے نائب صدر کا استقبال کیا، چینی نائب صدر رائے ونڈ روڈ پر اکنامک زون  بھی گئے  ،  معزز مہمان نے گورنر ہاؤس میں گورنر چودھری سرور سے ملاقات بھی کی جہاں  چودھری پرویز الہٰی بھی موجود تھے۔ چین کے نائب صدر وانگ کشان پیر کو لاہور پہنچے ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء کا چین کے نائب صدر سے تعارف کرایا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا اپنے بھائی کو لاہور کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں ، آپ کے دورے سے پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور آپ کادورہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا نیا باب لکھے گا۔ چین کے نائب صدر نے اس موقع پر کہاپاکستان کے دل لاہور آکردلی خوشی ہوئی ہے ۔چین کے سفیر یاؤجنگ،چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن اورچینی وفد کے دیگر ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ چین کے نائب صدر وانگ نے ہائر روبا اکنامک زون کا دورہ کیا ۔ وزیراعلیٰ اورچینی نائب صدر کو ہائر روبا اکنامک زون کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چین کے نائب صدر وانگ کشان نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں پر پیشرفت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی اور چینی نائب صدر کی ملاقات میں صنعت، زراعت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب اور چین کے بڑے شہروں کے مابین اشترا ک کار کو فروغ دیا جائے گا۔ سردار عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دو ملکوں کے نہیں بلکہ دو بھائیوں کے درمیان لازوال دوستی کا رشتہ ہے ۔ غربت کے خاتمے کے لئے چین کے بے مثال ماڈل کو پنجاب میں نافذ کریں گے ، پاک چین لازوال دوستی کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے ۔ پاکستان اور چین کی دوستی آئندہ نسلوں کیلئے اثاثہ ہے ۔پاکستان اور چین ترقی کے نئے سفر پر گامزن ہیں اورپاک چین دوستی کا بندھن رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ چین کے نائب صدر نے کہا چین کے صدر کی ہدایت پر پاکستان آیا ہوں اور دنیا کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاک چین دوستی بہت مضبوط ہے ، لاہور آکر بہت پیار اورمحبت ملی ہے ۔پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں بہت مثبت رہیں ،لاہور پا کستان کا تاریخی شہر اور دل ہے ۔یہ حقیقت ہے کہ جس نے لاہور نہیں دیکھا اس نے پاکستان نہیں دیکھا۔پاکستان کی ترقی کے سفر میں چین کا تعاون جاری رہے گا۔ سی پیک پاک چین دوستی کی زندہ مثال ہے ،سی پیک خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہواہے ۔ دریں اثنا گورنرپنجاب سے چینی نائب صدرکی قیادت میں وفدنے ملاقات کی ،ملاقات میں سپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی،پاکستان میں چین کے سفیریاؤجنگ بھی ملاقات میں شریک تھے ۔ ملاقات میں پاک چین تعلقات،سی پیک اور دیگرامورپربات چیت کی گئی،اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے گورنرپنجاب نے کہا پاک چین دوستی چٹان سے زیادہ مضبوط ہے ،چین نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کاساتھ دیاہے ۔ گورنر ہاؤس لاہور میں چین کے نائب صدر کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔عشائیہ میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، چینی حکام ،وفاقی وزیر خسرو بختیار،پنجاب کابینہ کے وزرا سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔ مزید برآں چینی نائب صدر کی لاہور آمد پر خصوصی روٹ لگوایا گیاجبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر رنگ روڈ چند گھنٹوں کے لئے بند کی گئی۔قبل ازیں چینی نائب صدر نے ٹیکسلا میوزیم کا دورہ بھی کیا۔ چینی نائب صدر کے دورہ کے دوران ٹیکسلا کے کاروباری مراکز حفاظتی نقطہ نظر سے بند رہے ۔