Wednesday, April 24, 2024

چین کے سفیرکی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات،پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا

چین کے سفیرکی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات،پولیس شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا
November 24, 2018
کراچی ( 92 نیوز) چین کے سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی  اور گزشتہ روز دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور حملے میں شہید ہونیوالوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔سندھ کے سربراہ نے قونصلیٹ کو بہترین سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ۔  ادھر سندھ اور بلوچستان حکومت کابارڈر مینجمنٹ سسٹم بنانے پر اتفاق ہوگیا جبکہ ہنگامی بنیادوں پر 10 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا بھی فیصلہ ہوا۔ چینی سفیر یاو جنگ نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی اور   پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومتی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چینی سفیر سے کہا کہ آپ کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے،پاک چین دوستی دیکھ کر ہمارے دشمن زیادہ ہوگئے ہیں، قونصل خانے کو بہترین سکیورٹی فراہم کریں گے۔ ادھر سندھ اور بلوچستان حکومت کا بارڈر مینجمنٹ سسٹم بنانے پر اتفاق ہوگیا، ذرائع کے مطابق بارڈر مینجمنٹ پر رینجرز، ایف سی اور سندھ پولیس کے کمانڈوز تعینات ہوں گے جبکہ داخلی راستوں پر اسکینرز لگانے کا کام بھی تیز کیا جائے گا۔ دوسری جانب سندھ حکومت کو بھی ہوش آگیا اور  دس ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کا فیصلہ کرلیا گیا۔ سیف سٹی منصوبے پر کام سے متعلق آئندہ چند روز میں اہم اجلاس ہوگا۔