Friday, April 26, 2024

چین کی عالمی ای کامرس کمپنی نے ریکارڈ 38ارب 30 کروڑ ڈالر کمالیے

چین کی عالمی ای کامرس کمپنی نے ریکارڈ 38ارب 30 کروڑ ڈالر کمالیے
November 11, 2019
بیجنگ (92 نیوز) گھربیٹھے آن لائن اشیا خریدنے کا جنون، چین کی عالمی ای کامرس کمپنی نے سنگل ڈے سیل میلے کے دوران صرف چوبیس گھنٹوں میں ریکارڈ 38ارب 30 کروڑ ڈالر کمالیے۔ چین کی عالمی آن لائن کمپنی نے منایا سنگل ڈے سیل میلہ ،اور صرف پہلے چھیانوے سیکنڈز میں 10 ارب یوآن کما کر سب کو ہکا بکا کر دیا۔ یہی نہیں بلکہ کمپنی نے محض ساڑھے سولہ گھنٹے کے اندر اندر پچھلے سال ہونیوالی 30 ارب ڈالر کمائی کا اپنا ہی ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔ کمپنی کو تین ہفتے پہلے شروع ہونیوالے پری سیل سیزن میں  مختلف پراڈکٹس کیلئے ریکارڈایک ارب یوآن (143ملین امریکی ڈالر) کے آرڈرز ملے جبکہ آئی فون الیون کی آن لائن خریداری کیلئے 14 ملین ڈالر کے آرڈرز اسکے علاوہ تھے۔ ہر سال11 نومبر کو منایا جانے والا سنگلز ڈے آن لائن شاپنگ فیسٹیول میں تبدیل ہو گیا۔ 200 ممالک کے 22 ہزار برینڈز کی اشیا پر لگی سیل گھر بیٹھے صارفین کو مقناطیس کی طرح اپنی طرف کھینچتی دکھائی دی۔ آن لائن شاپنگ فیسٹیول کی  افتتاحی تقریب میں امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے شاندار پرفارمنس سے میلہ لوٹ لیا۔