Friday, March 29, 2024

چین کورونا وائرس سے پیدا ہونیوالی ممکنہ کساد بازاری سے نمٹنے کیلئے تیار ہو گیا

چین کورونا وائرس سے  پیدا ہونیوالی ممکنہ کساد بازاری سے نمٹنے کیلئے تیار ہو گیا
April 5, 2020

بیجنگ  ( 92 نیوز) چین کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی ممکنہ کساد بازاری سے نمٹنے کیلئے تیار ہو گیا، چین میں غیر ملکی کمپنیوں نے مینوفیکچرنگ اور سروسز کے شعبوں میں دوبارہ سے خدمات سرانجام دینا شروع کردیں ،ایران کا11اپریل سے محدود تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، ڈنمارک نے بھی کورونا پر قابو پانے کیلئے معاشی سرگرمیوں کو دوبارہ پوری قوت سے شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔

کورونا وائرس کے گھر  چین کی معیشت  موجودہ بحران  سے زیادہ متاثرہونے کا امکان نہیں،چینی وزارت تجارت کے ڈائریکٹر فارن انویسٹمنٹ ژونگ چانجنگ کا کہنا ہے کہ30مارچ تک  66فیصدسے زائد غیر ملکی کمپنیوں نے اپنی 70فیصدپروڈکشن جبکہ چودہ اعشاریہ پانچ فیصدکمپنیوں نے  اپنی پچاس فیصدپروڈکشن  دوبارہ شروع کردی ہے۔

ژونگ چانجنگ کا کہنا ہے کہ مینوفیکچرنگ کے شعبے سے وابستہ70فیصد  کمپنیوں جبکہ سروسز کے شعبے سے منسلک 60فیصدکمپنیوں  نے لاک ڈاؤن کے بعد تیزرفتاری سے دوبارہ نارمل سرگرمیاں شروع کردی ہیں ۔

کورونا سے متاثرہ بڑے ممالک میں شامل ایران کے صدر حسن روحانی  نے  بھی  11اپریل سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے  محدود تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے،تہران میں اجلاس  سے خطاب میں صدرحسن روحانی کاکہنا تھا کہ محکمہ صحت کی ایڈوائس کی روشنی میں 11اپریل سے ایسے تمام کاروبارجن میں کورونا منتقلی کا خطرہ کم ہوگا،کھل جائیں گے تاکہ معاشی کساد بازاری کے امکانات کو کم کیا جاسکے ۔

دوسری جانب ڈنمارک میں کامیا ب لاک ڈاؤن کی وجہ سے کورونا کیسز میں کمی  آنے سے  معیشت کے زیادہ متاثرہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے ۔ڈنمارک نے کساد بازاری کے خطرے سے بچنے کیلئے اگلے ہفتے سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کرلیا۔ڈینش حکام کے مطابق ملک میں کساد بازاری کا ہونا کورونا کے دوبارہ پھوٹنے سے زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے۔