Friday, May 10, 2024

چین، کرونا وائرس سے مزید 121 افراد لقمہ اجل بن گئے، مجموعی ہلاکتیں 1383 ہوگئیں

چین، کرونا وائرس سے مزید 121 افراد لقمہ اجل بن گئے، مجموعی ہلاکتیں 1383 ہوگئیں
February 15, 2020
ووہان (92 نیوز) چین میں خطرناک کرونا وائرس سے مزید ایک سو اکیس  افراد لقمہ اجل بن گئے، دنیا بھر میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد تیرہ سو تراسی ہوگئیں۔ متاثرہ افراد کی تعداد پینسٹھ ہزار سے تجاوز کرگئی۔ آسٹریلیا کے شہریوں کو ووہان سے نکالنے والے بحری جہاز کو سڈنی میں لنگر انداز ہونے کی اجازت مل گئی۔ چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن نے دوبارہ گنتی کے بعد کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے نئے اعداد و شمار جاری کردئیے ہیں ۔۔حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید ایک سو اکیس افراد وائرس کی بھینٹ چڑھے۔ جن میں وائرس  کیخلاف برسرپیکار چھے ہیلتھ ورکرز بھی شامل ہیں۔ کرونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد تیرہ سو تراسی ہوگئی، جن میں سے تیرہ سو اسی صرف چین میں ہوئی ہیں، اس وقت چین سمیت دنیا بھر میں  پینسٹھ ہزار سے زائد افراد کرونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ جاپان نے بھی کرونا سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی، 80 سالہ خاتون یکم فروری سے اسپتال میں زیرعلاج تھی، آسٹریلیا کے شہریوں کو ووہان سے نکالنے والے بحری جہاز کو سڈنی میں لنگر انداز ہونے کی اجازت مل گئی، جہاز پر موجود کسی بھی شخص میں وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے چین میں کوآڈینیٹر نکولس روزلینی نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے چینی اقدامات کو خوب سراہا، ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ کے فوری اور بہترین اقدام نے وائرس کی تباہی کو روکا، جو کہ قابل ستائش ہے۔