Friday, May 10, 2024

چین، کرونا مزید 139 افراد کی زندگیاں نگل گیا، مجموعی ہلاکتیں 1523 ہوگئیں

چین، کرونا مزید 139 افراد کی زندگیاں نگل گیا، مجموعی ہلاکتیں 1523 ہوگئیں
February 15, 2020
ووہان (92 نیوز) چین میں خطرناک کرونا وائرس مزید 139 افراد کی زندگیاں نگل گیا، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 523 تک جا پہنچی ہے، چین میں مزید 2 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 67 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ 7820 متاثرہ افراد کوعلاج کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ چین میں خطرناک کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں،،ہر گزرتے دن کے ساتھ ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران  مزید ایک سو انتالیس افراد وائرس کی بھینٹ چڑھے۔ جس کے بعد دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ چین میں مزید دو ہزار سے زائد افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے،، اور متاثرہ افراد کی تعداد بھی 67 ہزار تک جا پہنچی ہے۔ چین سے باہر 30 ممالک میں کرونا وائرس کے 580 کیسز سامنے آ چکے ہیں اور 3 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ فلپائن، ہانگ کانگ اور جاپان میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ اُدھر افریقہ میں بھی کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ چین میں مہلک وبا پر قابو پانے کی کوششیں زوروں پر ہیں۔ ووہان میں وائرس سے متاثر مریضوں کیلئے روایتی چینی طریقہ علاج کا اسپتال کھول دیا گیا ہے جس میں پچاس مریضوں کے پہلے گروہ نے علاج کروایا۔ روایتی طریق علاج کے اسپتال میں 400 مریضوں کا بیک وقت علاج کیا جا سکتا ہے اور پانچ صوبوں سے آئے 209 ماہرین اسپتال میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ چین میں کرونا وائرس کا خطرہ موجود ہے لیکن امریکا کی جانب سے بے جا تنقید قابل مذمت ہے۔