Thursday, May 9, 2024

چین کا کرونا وائرس دنیا پر حملہ آور، فرانس بھی متاثرہ ممالک میں شامل

چین کا کرونا وائرس دنیا پر حملہ آور، فرانس بھی متاثرہ ممالک میں شامل
January 25, 2020
لاہور (92 نیوز) چین کا خطرناک کرونا وائرس ساری دنیا پر حملہ آور ہوگیا۔ یورپی ملک فرانس بھی متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا۔ چین سے شروع ہونے والا مہلک کرونا وائرس یورپ میں بھی پہنچ گیا، فرانس اس مہلک وائرس سے متاثر ہونیوالے پہلا یورپی ملک بن گیا، جہاں 3 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ زہریلے وائرس سے نمٹنے کیلئے چینی حکومت سر توڑ کوشش کررہی ہے، اسپتالوں میں جگہ کی کمی اور کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو ایک چھت تلے جمع کرنے کیلئے چینی شہر ووہان میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال کی تعمیر شروع کردی گئی۔ جسے چند ہی دنوں میں آپریشنل کر دیا جائے گا۔ چین کے 14 شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن ہے، 4 کروڑ سے زائد شہری اپنے اپنے شہر تک محدود ہیں، متعدد شہروں میں نئے چینی سال کی تقریبات بھی منسوخ کر دی گئیں، بیجنگ اور شنگھائی انتظامیہ نے شہریوں سے 14 روز تک گھر میں رہنے کی اپیل کی ہے۔ کرونا وائرس نے امریکا، بھارت، جاپان، سعودی عرب، تھائی لینڈ، سنگاپور، فن لینڈ، تائیوان، جنوبی کوریا اور نیپال کے بعد فرانس اور ملائیشیا کا بھی رخ کر لیا۔ امریکا، فرانس ، بھارت، سعودی عرب، جاپان، تھائی لینڈ، نیپال، جنوبی کوریا سمیت دیگر ممالک کے ایئرپورٹس پر وائرس کی روک تھام کیلئے مسافروں کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔