Friday, April 19, 2024

چین کا دفاعی بجٹ میں 7فیصد اضافے کا اعلان

چین کا دفاعی بجٹ میں 7فیصد اضافے کا اعلان
March 4, 2017

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین نے علاقائی تنازعات میں بیرونی مداخلت روکنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے دفاعی اخراجات میں سات فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔ دفاعی اخراجات میں اضافے کا اعلان نیشنل پیپلز کانگرس کی ترجمان فو ینگ نے این پی سی کے سالانہ اجلاس سے ایک دن پہلے کیا۔ انہوں نے کہا چین کے دفاعی اخراجات مجموعی قومی پیداوار کے ایک اعشاریہ تین فیصد ہوں گے۔ چین نے دفاعی اخراجات میں اضافہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی جنگی بجٹ میں دس فیصد بڑھانے کے اعلان کے بعد کیا ہے۔

فوینگ کا کہنا تھا چین تنازعات کے پرامن حل کیلئے مکالمے اور مشاورت کے حق میں ہے لیکن اسے اپنی خودمختاری، مفادات اور حقوق کی حفاظت کیلئے صلاحیت کی بھی ضرورت ہے۔ فوینگ کا کہنا ہے ان کا ملک علاقائی تنازعات میں بیرونی مداخلت قبول نہیں کرے گا اور اسے روکنے کیلئے ہر حد تک جائیگا۔ پچھلے سال چین کا دفاعی بجٹ سات اعشاریہ چھے فیصد اضافے کے ساتھ ایک سو تینتالیس اعشاریہ سات ارب (نوسو چون ارب یوآن) ہو گیا تھا۔ بجٹ کا زیادہ تر حصہ بحریہ کی تعمیروترقی پر خرچ کیا جائیگا۔

چینی ماہرین کہتے ہیں فوجی اخراجات میں اضافہ بیرون ملک بڑھتے ہوئے مفادات اور عدم استحکام کا شکار ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں سلامتی کیلئے ہے۔

چین کے اعلان نے امریکا ہی نہیں بھارت کی نیندیں بھی حرام کر دی ہیں کیونکہ بھارت بھی بحرہند اور ایشیا بحرالکاہل میں تسلط چاہتا ہے اور چین کے اقدامات سے اس کے فوجی طاقت بننے کے خواب چکناچور ہو جائیں گے لیکن چین کو خطے میں ممکنہ بھارتی عزائم کا ادراک ہے اور فو ینگ نے اس پر بات کرتے ہوئے کہا چین اور بھارت کو باہمی مفاہمت کو فروغ دینا چاہئے کیونکہ چین کے کوئی فوجی عزائم نہیں ہیں۔