Tuesday, April 23, 2024

چین کا اینٹی کورونا ویکسین کا بندروں پر کامیاب تجربے کا دعویٰ

چین کا اینٹی کورونا ویکسین کا بندروں پر  کامیاب تجربے کا دعویٰ
May 4, 2020

بیجنگ (92 نیوز) کورونا وائرس سے مکمل نجات کیلئے کئی ممالک ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں، ایسے میں چینی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے نہ صرف اینٹی کورونا ویکسین تیار کر لی ہے، بلکہ بندروں پر اسکا کامیاب تجربہ بھی کر لیا ہے۔

کورونا کو قابو کرنا ہے، تو ویکسین ہر حال میں بنانا ہوگی، حکومتی کوششوں کے علاوہ دنیا بھر کی دوا ساز کمپنیاں بھی ویکسین بنانے اور اسے لانچ کرنے میں سبقت لے جانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

چینی دوا ساز کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے نہ صرف اینٹی کورونا ویکسین تیار کر لی ہے، بلکہ بندروں پر اس کا کامیاب تجربہ بھی کر لیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ویکسین دینے کے بعد بندروں میں کورونا وائرس داخل کیا گیا، تو کووڈ نائنٹین کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، جبکہ بغیر ویکسین دیئے، وائرس داخل کرنے پر بندر بیمار پڑ گئے اور ان میں سے کچھ کی موت واقع ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ ممالک نے انسانوں پربھی ویکسین کے تجربات شروع کر دیئے ہیں، لیکن اب تک ان تجربات کے نتائج سامنے نہیں آئے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ سال کے آخر تک کورونا وائرس کی ویکسین تیار ہو جائے گی، کیونکہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے ایگزیکٹوز نے انہیں ویکسین کی جلد تیاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوسری جانب برطانوی میڈیا میں ایک تحقیقاتی رپورٹ شائع ہوئی ہے جس کے مطابق کورونا کے ہر چار میں سے ایک مریض کے گردے بھی فیل ہونے لگے، جبکہ برطانیہ میں وینٹی لیٹرز پر 28 فیصد مریض گردوں کی بیماری میں مبتلاہو رہے ہیں۔ انگلینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے اسپتالوں میں 2 ہزار سے زائد کورونا مریضوں کے گردے ناکارہ ہوچکے ہیں۔