Friday, April 26, 2024

چین کا انکار‘ انڈیا میں پانچ ملکی برکس ٹریڈ سیشن منسوخ

چین کا انکار‘ انڈیا میں پانچ ملکی برکس ٹریڈ سیشن منسوخ
October 16, 2016
ممبئی (ویب ڈیسک) مودی کی انتہا پسندی خود بھارت کے لیے بھی درد سر بن گئی۔ برکس کانفرنس کی میزبانی اس کا فائدہ کرنے کے بجائے نقصان کا باعث بن گئی۔ بھارتی ہٹ دھرم رویے کے باعث چین نے برکس اجلاس کے دوران ٹریڈ سیشن میں شرکت سے انکار کر دیا۔ اس بری طرح ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارتی ایوانوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین نے جہاں نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے معاملے پر بھارت کی حمایت نہ کر کے اس کے دانت کھٹے کیے تو رہی سہی کسر برکس ٹریڈ سیشن میں شرکت نہ کرکے پوری کر دی جس کے بعد بادل نخواستہ بھارت کو پانچ ملکی برکس اجلاس میں تجارتی وزارتوں کے اس اہم اجلاس کو منسوخ کرنا پڑ گیا۔ سفارتی محاذ پر اس طرح بری شکست کے بعد بھارتی ایوانوں میں کھلبلی مچ چکی ہے۔ مودی اور اس کی انتہا پسند کابینہ اپنا سا منہ لے کر پاکستان کے خلاف جھوٹا سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ کرنے کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق چین کی جانب سے یہ اقدامات بھارتی انتہا پسندانہ پالیسیوں کے باعث اٹھائے گئے ہیں۔ عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھی چین اور بھارت میں کئی مسائل پر اختلافات اور تضادات اس کی اپنی ترقی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔