Saturday, April 27, 2024

چین نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر بھارتی بیانیے ، مطالبات کو مسترد کر دیا ، بھارتی میڈیا

چین نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر بھارتی بیانیے ، مطالبات کو مسترد کر دیا ، بھارتی میڈیا
June 10, 2020
 نئی دہلی (92 نیوز) مقبوضہ کشمیر کے علاقے لداخ میں چین سے چھیڑ چھاڑ بھارت کو مہنگی پڑ گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چین نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر بھارتی بیانیے اور مطالبات کو مسترد کر دیا۔ بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ چین نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول بارے بھارتی بیانیے اور مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے موجودہ پوزیشن سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ چین کا دعویٰ ہے کہ دریائے گالوان سے ملحقہ علاقے چینی حدود میں آتا ہے جس پر بھارت نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ بھارتی سیاسی اور فوجی قیادت اپنے عوام کو دھوکے میں ڈالتے ہوئے اب تک یہ کہتی آئی تھی کہ مذاکرات  کامیاب رہے اور چینی فوج اپنی سابقہ پوزیشن پر واپس جانے پر رضامند ہو گئی ہے جبکہ بھارتی میڈیا نے سرحد پر موجود فوجی ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ چینی فوجیوں نے ایل اے سی پر انکو کم ازکم 3 کلومیٹر پیچھے دھکیل دیا تھا اور مذاکرات کے بعد بھی چینی فوج وہاں سے ایک قدم پیچھے نہیں ہٹی۔ حالیہ مذاکرات کے دوران چین نے دریائے گالوان سے ملحقہ علاقے میں اپنی موجودگی پر بھارت کو بات تک نہیں کرنے دی۔ مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہونے کا ثبوت مشترکہ اعلامیہ جاری نہ ہونا تھا۔ ادھربھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے مودی اور بی جے پی پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔ کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متنازع سرحدی علاقے پر اب چین کا کنٹرول ہے اور نریندر مودی نہ صرف خاموش ہیں بلکہ منظر سے ہی غائب ہیں۔ اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی جھوٹی حب الوطنی کے صرف سیاسی اور انتخابی مقاصد ہیں۔ اہم معاملات پر ان کا بہترین رد عمل صرف خاموشی ہوتا ہے۔