Saturday, May 18, 2024

چین نے خفیہ برطانوی دستاویزات ڈی کوڈ کر لیں !!! انگلینڈ نے دنیا بھر میں پھیلے اپنے جاسوسوں کو واپس بلا لیا

چین نے خفیہ برطانوی دستاویزات ڈی کوڈ کر لیں !!! انگلینڈ نے دنیا بھر میں پھیلے اپنے جاسوسوں کو واپس بلا لیا
June 15, 2015
لندن (ویب ڈیسک) ایڈورڈ سنوڈن کے پاس موجود راز اور دستاویزات روس اور چین کے ہاتھ لگ گئے۔ برطانیہ نے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اپنے جاسوسوں کو گرفتاری کے خوف سے فوری واپسی کا حکم دے دیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسیوں کے راز چرا کر بھاگنے والے ایڈورڈ سنوڈن کے پاس موجود دستاویزات روس اور چین کے ہاتھ لگ چکی ہیں۔ ان اطلاعات کے بعد برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس نے اپنے جاسوسوں کو کئی ملکوں سے فوری واپس بلا لیا ہے۔ برطانوی حکومت کے ذرائع کے مطابق اب تک اس کے کسی جاسوس کو بیرون ملک کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن برطانیہ کے دوسرے ملکوں میں جاسوسی آپریشن رک گئے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ایڈورڈ سنوڈن کے پاس ایم آئی سکس کے جاسوسی مشنز کی کوئی معلومات نہیں لیکن ایم آئی سکس کے طریقہ کار کے حوالے سے فائلیں اس کے پاس موجود ہیں جن کی مدد سے دشمن ممالک انڈر کور ایجنٹوں کی شناخت کر سکتے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق چین نے سینکڑوں خفیہ دستاویزات ڈی کوڈ کر لی ہیں اور برطانیہ کے جاسوسوں کی خفیہ شناخت اور طریقہ کار تک پہنچ سکتا ہے۔ ٹین ڈاﺅننگ سٹریٹ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے برطانوی میڈیا نے لکھا کہ چین اور روس کے ہاتھ خفیہ معلومات لگنے کے بعد جاسوسوں کو فوری واپس بلایا جا رہا ہے کیونکہ ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔