Thursday, May 9, 2024

چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں80 ہو گئیں

چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں80 ہو گئیں
January 27, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) چین میں کرونا  وائرس سے ہلاکتیں 80 ہوگئیں ، 2744  افراد متاثر ہوئے ،چینی وزیرصحت نے جانوروں کی تجارت پرپابندی لگادی۔ خونی وائرس کرونا عالمی سطح پر قہر ڈھانے لگا، تمام تر کوششوں کے باوجود موذی وبا کا پھیلاؤ تھم نہ سکا ۔چین میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 80 تک جاپہنچی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 2800 سے بھی تجاوز کرگئی  جن میں سے 461 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ چینی وزیراعظم لی کی چیانگ وائرس کے گڑھ ووہان پہنچ چکے ہیں، جہاں انہوں نے مختلف اسپتالوں کا دورہ کرتے ہوئے امدادی کاموں کا جائزہ لیا، چینی وزیراعظم نے صورتحال سے نمٹنے  کیلئے ایک ارب 58 کروڑ ڈالر مختص کرنے کا اعلان بھی کیا۔ کرونا وائرس کا توڑ کرنے کیلئے ایڈز اور ایچ آئی وی کی ویکسین پر تجربات کیے جارہے ہیں ، ووہان کے شہریوں کو چودہ روز تک خود کو گھروں میں محصور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ صوبہ نینجنگ اور گوانگ ڈونگ میں عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازم کردیا گیا۔ چین کے علاوہ 13 ممالک میں  بھی اب تک  کرونا وائرس کے پچاس سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں ، امریکا میں پانچ  جبکہ جنوبی کوریا میں چار افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ، سنگاپور میں چین  سے آنے والے طلبہ اور اساتذہ کو دو ہفتے تک تعلیمی اداروں سے دور رہنے کی ہدایت کردی گئی  ہے۔