Friday, May 17, 2024

چین میں کرونا وائرس سے مزید64افرادہلاک،تعداد425 ہو گئی

چین میں کرونا وائرس سے مزید64افرادہلاک،تعداد425 ہو گئی
February 4, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) چین میں خطرناک کرونا وائرس کے باعث  مزید 64 افراد ہلاک ہو گئے، مرنے والوں  کی تعداد 425 ہو گئی، 20 ہزار 400 سے زائد لوگوں میں وائرس کی تشخیص جبکہ دنیا بھر میں یہ تعداد 20 ہزار 600 تک جا پہنچی ہے۔ کرونا وائرس نے چین بھر میں پنجے گاڑھ لئے، ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا،چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق مہلک کرونا وائرس کے باعث مزید 64 افراد ہلاک ہوگئے۔ چین میں مرنے والوں کی تعداد 425 ہو گئی، فلپائن میں مرنے والے ایک شخص کی شمولیت سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 426 ہو گئی۔ چینی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید تین ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہزار چار سو سے زائد ہو چکی ہے، دنیا بھر میں کرونا کے متاثرین 20 ہزار 600 سے زیادہ ہو چکے ہیں۔ چین بھر میں اسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں  جبکہ وائرس سے خوفزدہ شہری گھروں میں ہی محصور ہیں، سڑکیں ویران پڑی ہیں اور مارکیٹیں بھی بند ہیں، اکثر مقامات پر خوراک کی قلت کے خدشات جنم لینے لگے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان چینی وزارت خارجہ نے امریکا پر  الزام عائد کیا کہ اُس نے کرونا  وائرس سے متعلق دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیلایا،امریکا  چینی مسافروں پر پابندیاں  لگانے  اور اپنے شہریوں کو وہاں سے نکالنے  کی تجویز دینے والا پہلا ملک تھا۔ واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹینڈروس ادھانم  بھی چین  کے حوالے سے سفری پابندیوں کو غیر ضروری قرار دے چکے ہیں۔