Tuesday, May 21, 2024

چین میں کرونا وائرس سے مزید 69 افراد ہلاک ، ہلاکتیں 630 ہو گئیں

چین میں کرونا وائرس سے مزید 69 افراد ہلاک ، ہلاکتیں 630 ہو گئیں
February 7, 2020

بیجنگ (92 نیوز) چین میں کرونا وائرس سے مزید 69 افراد ہلاک ہو گئے ، ہلاکتیں 630 ہو گئیں۔ متاثرہ افراد کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

چین میں جان لیوا کرونا وائرس نے اپنے وار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ متعدد افرد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور سیکڑوں مزید وائرس کی زد میں آگئے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 69 افراد کونگل لیا۔ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 630 تک پہنچ گئی اور متاثرین کی تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

 کرونا وائرس کے بارے میں دنیا کو خبردار کرنے والے ڈاکٹر لی وین لیانگ خود اس وائرس کا شکار ہو کر ووہان میں زندگی کی بازی ہار گئے۔ لی وین لیانگ نے گزشتہ برس دسمبر میں وائرس سے متعلق دنیا کو خبردار کیا تھا۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور وائرس پر کنٹرول پانے کیلئے حمایت کا یقین دلایا۔ چینی صدر نے سعودی فرمانروا کے خیرسگالی کے جذبے پر شکریہ ادا کیا۔

کرونا وائرس نے اب عالمی اقتصادیات پر بھی اثرات ڈالنا شروع کر دیئے ہیں۔ جرمنی کی ہوٹل انڈسٹری کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے سفری پابندیوں کی وجہ سے ٹوارزم انڈسٹری متاثر ہو رہی ہے۔

دوسری جانب چین اور دنیا بھر کے طبی ماہرین وائرس کے علاج کیلئے ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں۔ چین کے ووہان شہر میں ہنگامی بنیادوں پر تیار کیے جانے والے دوسرے اسپتال نے کام شروع کر دیا ہے۔