Friday, April 26, 2024

چین میں کرونا وائرس سے مزید 38 افراد ہلاک

چین میں کرونا وائرس سے مزید 38 افراد ہلاک
March 4, 2020
 بیجنگ (92 نیوز) کرونا وائرس دنیا کے 80 ممالک تک پھیل گیا۔ چین میں کرونا وائرس سے مزید  38 افراد ہلاک ہو گئے۔ چین میں ہلاکتیں 2981 دنیا بھر میں 3198 تک جا پہنچیں ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں چین سے باہر ایک ہزار 792 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد دس ہزار پانچ سو چھیاسٹھ تک پہنچ گئی ہے۔ آٹھ نئے ممالک میں مہلک وائرس کے کیسز کی تشخیص ہو گئی ہے۔ چین سے باہر مہلک وائرس سے 184 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 79 تک پہنچ چکی ہے۔ ایران میں وائرس 77 افراد کو نگل چکا اور امریکا میں ہلاکتیں 9 اور متاثرہ افراد کی تعداد 120 ہو چکی ہے۔ ایران نے وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مختلف جیلوں سے 54 ہزار قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار کے قریب پہنچ گئی اور متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ ٹیڈرس ادھنم کے مطابق کرونا وائرس فلو سے زیادہ مہلک ہے لیکن کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ابھی تک کرونا وائرس کی ویکسین یا کوئی دوائی ایجاد نہیں ہو سکی اورحفاظتی طبی آلات کی کمی پر تشویش ہے۔ ورلڈ بنک کے صدر ڈیوڈ ملپس نے کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کیلئے ابتدائی طور پر 12 ارب ڈالر کے پیکیج کا اعلان کر دیا۔ ادھر عالمی بنک اور آئی ایم ایف نے کرونا وائرس کی وجہ سے اپنی میٹنگز کیلئے ورچوئل فارمیٹ استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔