Friday, April 19, 2024

چین میں کرونا سے مزید 29افراد ہلاک ، کل تعداد 2801 ہو گئی

چین میں کرونا سے مزید 29افراد ہلاک ، کل تعداد 2801 ہو گئی
February 28, 2020
بیجنگ ( 92 نیوز) ہلاکت خیز کرونا وائرس  بے قابو ہو گیا ،  چین  میں مزید 29 افراد جان سے گئے، خبر ایجنسی کے مطابق، دنیا بھر میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2801 تک جا پہنچی ہے۔ دنیا بھر میں  وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 82 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ،  جارجیا مقدونیہ اور برازیل میں بھی خطرناک وائرس کے کیس سامنے آگئے ۔ ادھر ایران نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اندرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی۔ چین کے کرونا وائرس کی  ہلاکتوں کی تعداد بھی بتدریج کم ہورہی ہے ، 24 گھنٹوں میں تیس سے زائد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں  جو اب تک کی ریکارڈ کی جانے والی سب سے کم اموات ہیں۔ دوسری جانب کرونا کو شکست دینے والے افراد کی تعداد بھی روز بروز بڑھتی جارہی ہے ، اب تک بیاسی ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے تینتیس ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ امریکی صدر نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مہم کا آغاز کردیا ہے جس کے انچارج نائب صدر مائیک پنس ہوں گے ، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کا خطرہ بہت کم ہے۔ چین کے بعد کرونا سے سب سے زیادہ متاثر جنوبی کوریا ہوا ہے جہاں اب تک تقریباً 16 سوکیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، ایران میں بھی ڈیرھ سو کے قریب مریض سامنے آ چکے ہیں، جاپان میں مزید 22 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے،اٹلی میں متاثرین کی تعداد ساڑھے چار سو بڑھ گئی ہے۔