Wednesday, May 15, 2024

چین میں پاکستانیوں کا بہترین خیال رکھا جا رہا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

چین میں پاکستانیوں کا بہترین خیال رکھا جا رہا ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا
February 1, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) چین میں پاکستانیوں کا بہترین خیال رکھا جاررہاہے، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفرمرزا کے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستانیوں کیلئے وہ سب کچھ کر رہے ہیں جوکیا جانا چاہیے۔ وزیراعظم کرونا وائرس سے متعلق لمحہ بہ لمحہ آگاہی لے رہے ہیں۔ معاون خصوصی برائے صحت کہتے ہیں پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی ضروری ہے، چینی حکومت پبلک ہیلتھ کو یقینی بنا رہی ہے، چینی حکومت پر ہمیں مکمل اعتماد ہے، ان کیساتھ کھڑے ہیں، آج شام تک کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے کٹس موصول ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، روزانہ ہزاروں کیس سامنے آ رہے ہیں، کرونا وائرس سے اب تک 259 اموات ہو چکی ہیں۔ یہ وائرس 27 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ چین کی حکومت کرونا وائرس کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ چین کی حکومت کے اقدامات کی تائید کرتے ہیں،  عوامی صحت کے تحفظ کا تقاضہ ہے کہ متاثرہ افراد کو اپنے ملک نہ لایا جائے۔ ووہان شہر میں وائرس سے متاثرہ پاکستانی طلبہ کی دیکھ بھال سے مکمل مطمئن ہیں۔ معاون خصوصی برائے صحت بولے کہ چین کے وزیر خارجہ سے ہمارے وزیر خارجہ کا رابطہ ہوا ہے،انہوں نے یقین دلایا ہے ان کے ملک میں مقیم پاکستانیوں کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، چین سے فضائی پروازیں شروع ہونیکی صورت میں ائیرپورٹ پر جامع اقدامات کیے گئے ہیں، چین میں مقیم پاکستانیوں کے ویزوں کی توسیع کیلئے دفتر خارجہ نے انتظامات کر لیے ہیں۔ ڈاکٹرظفرمرزا نے مزید  کہا کہ چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ 4 پاکستانی طلبہ کی صحت بہتر ہو رہی ہے، وہاں مقیم پاکستانی شہری وائرس سے پاک ہونیکی تصدیق تک واپس نہیں آ سکیں گے، اس بارے میں چین کی حکومت سے اتفاق رائے طے پا گیا ہے، ہماری اولین ترجیح کرونا وائرس سے پاکستانی عوام کو محفوظ بنانا ہے۔