Tuesday, April 23, 2024

چین میں مسافر بردار بحری جہاز ڈوب گیا، 450افراد لاپتہ، صرف 10 کو بچایا جا سکا، امدادی کارروائیاں جاری

چین میں مسافر بردار بحری جہاز ڈوب گیا، 450افراد لاپتہ، صرف 10 کو بچایا جا سکا، امدادی کارروائیاں جاری
June 2, 2015
بیجنگ (ویب ڈیسک) چین میں مسافر بردار بحری جہاز ڈوبنے سے ساڑھے چار سو افراد لاپتہ ہوگئے ہیں جبکہ صرف دس افراد کو بچایا جا سکا ہے، ڈوبے ہوئے بحری جہاز کے مسافروں کی مدد کیلئے پکار کئی گھنٹوں بعد بھی امدادی کارکنوں کو سنائی دیتی رہی۔ چین کی سرکاری خبرایجنسی زنہوا کے مطابق حادثے کو 12 گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزر جانے کے باوجود صرف 10 افراد کو بچایا جا سکا ہے جن میں جہاز کا کپتان اور چیف انجینئر شامل ہیں۔ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم لی کیانگ نے صوبہ ہوبیئی میں جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ امدادی کارکنوں کے مطابق انہیں الٹا ہوا بحری جہاز نظر آ رہا ہے اور انہوں نے حادثہ کے کئی گھنٹے بعد بھی لوگوں کی مدد کیلئے پکار سنی لیکن طوفانی ہواﺅں اور بارش کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں جس جگہ جہاز ڈوبا ہے وہاں پانی کی گہرائی 50 فٹ کے قریب ہے۔ مسافر بردار جہاز کے کپتان اور چیف انجینئر نے کہا ہے کہ بحری جہاز طوفان میں پھنسنے کے فوراً بعد ڈوب گیا۔ ایسٹرن سٹار نامی چار منزلہ مسافر بردار تفریحی بحری جہاز میں 405 چینی شہری، ٹریول ایجنسی کے پانچ ملازمین اور عملے کے 47 ارکان سوار تھے۔