Wednesday, May 8, 2024

چین میں زیر تعلیم چار پاکستانی طلباء میں کرونا وائرس کی تصدیق

چین میں زیر تعلیم چار پاکستانی طلباء میں کرونا وائرس کی تصدیق
January 29, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) چین میں زیرتعلیم4پاکستانی طلبا میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ، ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ   متاثرہ طلبا کی صحت بہترہورہی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین میں 4 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق کردی ، یہ بھی واضح کردیا  ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں، صرف چار مریض مشتبہ ہیں، چین سمیت دنیا کے 14 ممالک میں 6 ہزار 152 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوچکی۔ انہوں نے کہا کہ  چین میں 28 سے 30 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جن میں سے ووہان شہر میں 500 پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں، ووہان میں 4 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے تاہم علاج کے بعد ان کی صحت میں بہتری آئی ہے، میڈیا سے اپیل ہے کہ ان کی شناخت سامنے نہ لائے۔ انہوں نے بتایا کہ اطمینان بخش بات یہ ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں اور ملک اس وائرس سے محفوظ ہے، تاہم چار مریض مشتبہ ہیں جنہیں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ کرونا وائرس کی مخصوص علامات نہیں  ، لیبارٹری میں جانچ پڑتال کے بغیر اس وائرس کی تشخیص نہیں کی جاسکتی، تحقیق کے مطابق کرونا وائرس کے صرف 3فیصدمریضوں کی اموات ہوتی ہیں۔ یہ بھی بتایا کہ دنیا بھرمیں 6ہزار 52افراد میں کروناوائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے 99فیصد مریض چین میں ہیں، چین کے علاوہ14ممالک میں کرونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں۔