Thursday, April 18, 2024

چین سے متاثرہ پاکستانیوں کی واپسی پر وباء آگ کی طرح پھیل جائیگی، ڈاکٹر ظفر مرزا

چین سے متاثرہ پاکستانیوں کی واپسی پر وباء آگ کی طرح پھیل جائیگی، ڈاکٹر ظفر مرزا
January 30, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کہتے ہیں چین کے ووہان شہر میں 4 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ان کا علاج جاری ہے۔ دفتر خارجہ چین میں رہنے والے پاکستانیوں کا خاص خیال رکھ رہا ہے، متاثرہ پاکستانیوں کو اگر واپس بلایا تو آگ کی طرح وباء پھیل جائے گی۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا ایک مریض بھی کنفرم نہیں چین کے ووہان شہر میں 4 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے  جن کا علاج جاری ہے اورچین میں رہنے والے ایک ایک پاکستانی کی ذمہ داری ہماری ہے دفتر خارجہ بھی پاکستانیوں کی تمام ضروریات کو دیکھ رہا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چینی حکومت نے شہر وہان سے کسی بھی شخص کی منتقلی پر پابندی لگا رکھی ہے جبکہ قومی ادارہ صحت کے مطابق چین اور وہان میں رہنے والے شخص کو کسی دوسرے ملک لانے کی اجازت نہیں دی جا رہی اور یہ وجہ کہ ہم بھی کسی پاکستانی کو پاکستان لانے کی اجازت نہیں دے گی، ورنہ وبا آگ کی طرح پھیل جاے گی۔ معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ اس بیماری کی نا کوئی ویکسین ہے اور نا ہی کوئی خاص علاج ہے صرف چین ہی اس بیماری کا علاج بہتر کر سکتا ہے  15 ممالک میں یہ وبا پھیل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے بھی ہدایات دی ہیں چین سے اپنے شہریوں کونکالنے کی ضرورت نہیں، چین نے نہایت اچھے طریقے سے اس وائرس کو ووہان تک محدود رکھا ہے، اگر شہریوں کو چین سے نکالنا شروع کردیا تو یہ وائرس پوری دنیا میں پھیل جائے گا۔ نہیں چاہتے کہ پاکستان بھی اس کا شکار ہو۔