Friday, April 26, 2024

چین سے طبی امدادی سامان لیکر خصوصی طیارہ اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچ گیا

چین سے طبی امدادی سامان لیکر خصوصی طیارہ اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچ گیا
March 28, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) کورونا وائرس کیخلاف  جنگ میں چین  پاکستان کےشانہ بشانہ  ہے جہاں سے  ، طبی امدادی سامان لیکر خصوصی طیارہ اسلام آبادایئرپورٹ پہنچ گیا۔

چین سے خصوصی  طیارہ امدادی طبعی سامان  اور 8 رکنی طبعی  ماہرین  کی ٹیم  کو لیکر اسلام آباد پہنچ گیا ، اسلام آباد  ایئر پورٹ پر    وزیر  خارجہ   شاہ محمود قریشی  نے  استقبال  کیا ۔سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل  اور چینی سفیر ژاؤ جنگ بھی ہوائی اڈے پر موجود تھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین سے بھجوایا  گیا امدادی سامان وصول کیا ، چینی سفارتخانہ کے مطابق امدادی سامان  میں ایک ہزار ٹیسٹنگ کٹس 10 ہزار این 95 ماسک، ایک لاکھ طبی ماسک شامل ہیں ۔سامان میں 5 ونٹیلیٹرز، 11 ڈی فیبریلیٹر مانیٹرز بھی شامل ہیں۔ چین سے 8 رکنی طبعی  ماہرین کی ٹیم بھی پاکستان پہنچی ہے  جو   دو ہفتے پاکستان  میں قیام کرے گی۔ چینی ڈاکٹرز، پاکستانی معالجین سے اپنے تجربات کا تبادلہ کریں گے۔

چین کے سفیر ژاؤ جنگ  نے  ٹویٹ   کیا ہے  کہ  پاکستان اور چین دونوں سچے دوست اور بہترین بھائی ہیں  ، چین کورونا وائرس کیخلاف پاکستان کی بھرپور مدد جاری رکھے گا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی  کے مطابق وزیر خارجہ،اور سیکرٹری خارجہ نے بروقت مدد پر چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

 چین ابتک 12 ہزار ٹیسٹ کٹس، 3 لاکھ ماسک، 10 ہزار حفاظتی سوٹس فراہم کر چکا جبکہ  آئسولیشن ہسپتال کی تعمیر میں بھی مدد کر رہا ہے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے  اسلام آباد ائیر پورٹ کا دورہ کیا ۔وزیر خارجہ نے  اسلام آباد ائیر پورٹ پر موجودہ وبائی چیلنج کے پیش نظر مسافروں کی سکینگ کیلئے لگائے گئے سسٹم  ہیلتھ کاؤنٹر  اور قرنطینہ  سینٹر کا معائنہ  کیا ۔

وزیر خارجہ نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز سے مسافروں کی ہیلتھ سکینگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال بھی  کیا۔