Monday, May 13, 2024

چین  سے تجارتی ، اقتصادی اور سی پیک بارے تفصیلی گفتگو ہوئی ، شاہ محمود قریشی

چین  سے تجارتی ، اقتصادی اور سی پیک بارے تفصیلی گفتگو ہوئی ، شاہ محمود قریشی
October 9, 2019
بیجنگ ( 92 نیوز ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے   وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے  کہا کہ چین کی قیادت سے تجارتی ، اقتصادی اور سی پیک سےمتعلق تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ بیجنگ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  چین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں  کشمیر سے متعلق بات کی اور  تشویش کا اظہار  کیا ،  چین کے صدر کی  غیر رسمی دورہ بھارت سے قبل خواہش تھی کہ  ہماری  قیادت سے ملاقات ہو  اور دونوں ممالک ایک دوسرے کو اعتماد میں لیں ۔ شاہ محمود قریشی نےبتایا کہ چینی قیادت سے دورہ بھارت  کے بعد دوبارہ  رابطہ ہو گا ، وہ ہمیں بااخبر رکھیں گے ،  وزیر اعظم عمران خان کا گزشتہ 13 ماہ میں یہ  تیسرا دورہ چین ہے ، ہماری خواہش ہے کہ چین کی قیادت بھی پاکستان آئے ۔ انہوں نے بتایا کہ  ہماری چین کے وزیر اعظم کے ساتھ دو ملاقاتیں ہوئیں اور وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جن میں  تجارتی  و اقتصادی تعاون کے فروغ اور سی پیک سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی ، ہم نے دو طرفہ اقتصادی تعاون کو  فروغ دینے پر بھی  تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ  بہت سے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوئے ، پانی کے مسئلے پر ایک ڈی سیلینیشن پلانٹ  لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ، گوادر بھی اس  منصوبے سے مستفید ہو گا جب کہ  تعلیم کے شعبے سے متعلق بھی ایم او یو پر دستخط کئے گئے ۔