Saturday, April 20, 2024

چین سے آنے والے ماسک کے معاملے پر سندھ حکومت اور تحریک انصاف میں اختلاف

چین سے آنے والے ماسک کے معاملے پر سندھ حکومت اور تحریک انصاف میں اختلاف
March 26, 2020
 کراچی (92 نیوز) چین سے آنے والے ماسک کے معاملے پر سندھ حکومت اور تحریک انصاف میں اختلاف پیدا ہو گئے۔ سندھ حکومت نے سامان پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں تقسیم کرنے کے لئے چیئرمین این ڈی ایم اے کو خط بھی لکھا لیکن تحریک انصاف والوں کو سندھ حکومت کا انداز پسند نہ آیا۔ گذشتہ روز چین سے امدادی سامان آیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی ایئرپورٹ پر سامان وصول کیا ۔ بعد میں سندھ حکومت نے چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو خط لکھا اور کہا کہ چین کا امدادی سامان بنیادی طور پر سندھ کے لیے ہے لیکن مشکل کے وقت دیگر صوبوں کو نہیں بھول سکتے۔ اسی لئے چین سے ملنے والا امدادی سامان پورے ملک میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ خط میں بتایا کہ ایک لاکھ این 95 ماسک پنجاب کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبرپختونخوا ، بلوچستان کو 56، 56 ہزار،اسلام آباد کو 22 ہزار این 95 ماسک دیئے جائینگے۔ تحریک انصاف کے رہنماوں کو سندھ حکومت کا طریقہ کار پسند نہ آیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں بھی سندھ حکومت سیاست سے باز نہیں آرہی۔ رکن قومی اسمبلی جمال صدیقی نے کہا کہ وزیر اعظم کی اپیل کے بعد چین نے امدادی سامان بھیجا ہے۔ اپیل کی کہا خدارا مشکل گھڑی میں سندھ حکومت منفی سیاست سے باہر آئے۔ حلیم عادل شیخ نے ویڈیو پیغام جاری کیا اور کہا کہ کراچی سمیت سندھ کی عوام سندھ حکومت کے 20 لاکھ راشن بیگز کی منتظر ہے۔ تحریک انصاف والوں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کورونا کے خلاف جنگ میڈیا اور ٹوئٹر کے ذریعے جیتنا چاہتی ہے۔