Wednesday, April 24, 2024

چین ، سیچوان کے پہاڑی جنگلات میں لگی آگ 30افراد کو نگل گئی ‏

چین ، سیچوان کے پہاڑی جنگلات میں لگی آگ 30افراد کو نگل گئی ‏
April 2, 2019

بیجنگ ( 92 نیوز) چین کے جنوب مغربی صوبوں میں لگی آگ شدت اختیارکرگئی، ریسکیو کارروائیوں میں مصروف 30فائر فائٹرز آگ کی لپیٹ میں آکر ہلاک ہوگئے،ادھر صوبہ شانشی کے جنگلات میں لگی آگ کے باعث ہزاروں افراد بےگھرہوگئے۔

چین کے صوبہ سیچوان کے پہاڑی جنگلات میں لگی آگ بےقابو ہوگئی ، بھڑکتے شعلوں کو بجھانے کی کوششوں کے دوران 27 فائر فائٹرز سمیت 30 افراد ہلاک ہوگئے۔

صوبہ سیچوان کی مولی کاؤنٹی کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئےمقامی افراد سمیت 700 فائر فائٹرزامدادی کارروائیوں میں مصروف تھے،جن میں سے تیس ہوا کا رخ اچانک تبدیل ہونے پر بھڑکتے شعلوں کی زد میں آگئے۔

حکام نے ان تمام فائر فائٹرز کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے،ادھر ہلاک ہونیوالےافراد کو خراج عقیدت پیش کرنےکیلئےشہریوں کی جانب شمعیں بھی روشن کی گئی ہیں۔

شمالی چین کےصوبہ شانشی کےجنگلات میں بھڑکنے والی آگ نے بھی نظام زندگی درہم برہم کردیا، چار ہزارسے زائد افراد نقل مقانی پر مجبور ہوگئے۔

فائرفائٹرز کا عملہ بھی آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔