Sunday, May 12, 2024

چین، ایران ،فرانس اور اسپین میں برفباری ،نظام زندگی مفلوج ‏

چین، ایران ،فرانس اور  اسپین میں برفباری ،نظام زندگی مفلوج ‏
November 18, 2019
اسلام آباد (92 نیوز)دنیا بھر میں خون جما دینے والی سردی کی لہر جاری ہے ، چین کے صوبہ سنکیانگ کی ایمن کاؤنٹی کو تیزہواؤں اور برفباری نے لپیٹ میں لے لیا ۔ چین کے صوبہ سنکیانگ خراب موسم کے باعث حدنگاہ دس میٹر سے بھی کم ہوگئی ہے ، درجنوں گاڑیاں برف میں پھنس گئیں ، سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی مدد لے لی گئی ہے۔ فرانس میں بھی برفانی طوفان نے نظام زندگی مفلوج کردیا ہے ، مختلف علاقوں میں پندرہ سنٹی میٹر تک برف پڑچکی ہے ، درختوں سے لے کر عمارتوں تک ہر شے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، تیز ہواؤں، برفباری اور بارش کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ اُدھر ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی سردی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں ، جہاں ہر شے پر برف کی موٹی تہہ جم چکی ہے۔ خراب موسم کے باعث تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ اٹلی کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی، متعدد مقامات پر سرکاری محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور 50 سال کی سب سے اونچی لہروں سے پانی پانی ہو جانے والے وینس کو ایک اور مشکل دن کا سامنا ہے۔ اسپین کے شمالی حصوں نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی جہاں شدید برف باری کے باعث سڑکیں بلاک اور ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے  ، محکمہ موسمیات نے مزید برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔