Friday, May 17, 2024

چین اور پاکستان اچھے بھائی اور شراکت دار، دوستی کا خصوصی رشتہ ہے، شی جن پنگ

چین اور پاکستان اچھے بھائی اور شراکت دار، دوستی کا خصوصی رشتہ ہے، شی جن پنگ
August 22, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) چین کے صدر شی جن پنگ کا کہتے ہیں کہ چین اور پاکستان اچھے بھائی اور شراکت دار ہیں اور ان کے درمیان دوستی کا خصوصی رشتہ ہے، کرونا وباء کے خلاف عالمی سطح پر کوششوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ باہمی تعاون ہی اس وباءکو شکست دینے کا واحد راستہ تھا۔ صدر عارف علوی کو لکھے گئے خط میں چینی صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین دونوں خطے میں امن اور ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے کام کر رہے ہیں، چین پاکستان کے ساتھ ”چین پاکستان کمیونٹی آف شیئرڈ فیوچر“ کی بنیاد کو مستحکم کرنے اور علاقائی ممالک کے مابین مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ صدر شی جن پنگ نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا عظیم منصوبہ سی پیک انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہ پاک چین اسٹریٹجک تعاون اور شراکت داری کی مزید ترقی اور چین پاکستان کمیونٹی کے مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے لئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ چینی صدر کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے مابین دوستانہ مشاورت کا عمل مستقل بنیادوں پر جاری ہے، اس مشاورت نے دونوں ممالک کے مابین سی پیک کی مستحکم اور طویل مدتی ترقی اور اعلی معیار کے بی آر آئی تعاون کو فروغ دینے کے لئے سیاسی اتفاق رائے کو مستحکم کیا ہے۔