Wednesday, April 24, 2024

چین اور امریکہ میں دو بڑے سمندی طوفانوں کی تباہ کاریاں

چین اور امریکہ میں دو بڑے سمندی طوفانوں کی تباہ کاریاں
September 17, 2018
بیجنگ ( 92 نیوز) دو بڑے سمندری طوفانوں کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے ۔  چین میں مینگ خوٹ اور امریکا میں فلورنس نے ہر شے کو تہس نہس کرڈالا  ۔ سمندری طوفان مینگ خوٹ نے فلپائن سے چین تک تباہی مچادی ، تیز رفتار ہوا کے جھکڑ اور بلند و بالا موجوں نے ہر شے کو تہس نہس کر کے رکھ دیا۔ مکانوں کی چھتیں، ہورڈنگز اڑ گئے جبکہ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، رہائشی علاقے کئی فٹ پانی میں ڈوب چکے ہیں  ۔ مینگ خوٹ کی وجہ فلپائن میں 65 جبکہ چین میں 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں ، زیادہ تر ہلاکتیں لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئی ہیں ۔ قدرتی آفت کے روٹ سے 50 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں ، سیکڑوں پروازیں منسوخ جبکہ مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوچکا ہے ۔ دوسری جانب امریکا کی مشرقی ریاستوں میں آنے والے سمندری طوفان فلورنس کا زور ٹوٹ گیا ہے، مختلف حادثات میں مرنے والوں کی تعداد اٹھارہ تک جاپہنچی ہے ۔ طوفان کے باعث 5 لاکھ 23 ہزار عمارتیں بجلی سے محروم ہیں، شمالی کیرولائنا میں 30 انچ تک بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے ، جس کی وجہ سے دریاؤں میں طغیانی آچکی ہے ، محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔