Saturday, May 18, 2024

چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے پاکستان کو زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں 0-3 سے فتح حاصل کرنا ہوگی

چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے پاکستان کو زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں 0-3 سے فتح حاصل کرنا ہوگی
May 26, 2015
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں اپنے موجودہ پوائنٹس برقرار رکھنے کے لیے زمبابوے کے خلاف سیریز تین صفر سے جیتنا ہو گی، سیریز آج  سے قذافی سٹیڈیم میں شروع ہو گی ۔ تفصیلات کے مطابق ون ڈے کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی ستاسی پوائنٹس کے ساتھ اس وقت نویں پوزیشن ہے۔ زمبابوے کی ٹیم  بیالیس پوائنٹس کے فرق سے گیارہویں پوزیشن پر موجود ہے۔ پاکستان اگر زمبابوے کے خلاف سیریز تین صفر سے جیت گیا تو اس کے ستاسی پوائنٹس برقرار رہیں گے تاہم ایک میچ ہارنے کی صورت میں دو جبکہ دو میں شکست کے نتیجے میں چار پوائنٹس سے محروم ہونا ہو گا۔ واضح رہے کہ دو ہزار سترہ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو رواں سال تیس ستمبر تک پہلی آٹھ ٹیموں کی فہرست میں شامل ہونا ہو گا۔ اس وقت ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک پوائنٹ کی برتری سے ساتویں پوزیشن پر موجود ہے اورستمبر کے آخر تک اس کی  کوئی ون ڈے سیریز شیڈولڈ نہیں۔ زمبابوے سے سیریز کے بعد پاکستان کو جولائی میں سری لنکا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلنا  ہے جبکہ رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر موجود بنگلہ دیش کی بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز طے ہیں۔ اس طرح زمبابوے سے فتح کی صورت میں پاکستان کے رواں سال ستمبر تک رینکنگ میں ایک درجہ ترقی ہونے کا قوی امکان موجود ہے۔